پاکستان کا قومی ترانہ ری ریکارڈ ،وزیر اعظم شہباز شریف کل لانچ کریں گے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ڈائمنڈجوبلی تقریبات پرپوری قوم خوش ہے،اس موقع پر قومی ترانے کو ری ریکارڈ کیا گیا ہے کل 75ویں یوم آزادی پر وزیر اعظم شہباز شریف اسے لانچ کریں گے ۔
پاکستان مسلم لیگ (ن)کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 1954میں پہلی بار لیاقت علی خان نے قومی ترانہ لانچ کیا تھا،احمد چھاگلہ صاحب نے قومی ترانے کی دھن تیار کی تھی ،68سال بعد قومی ترانے کو دوبارہ سے ری ریکارڈ کیا گیا ہے،155گلوکاروں نے اسے گایا ہے ،48موسیقاروں نے اس میں حصہ لیا ہے ،جبکہ 6بینڈ ماسٹرز نے اس کی دھن بجھائی ہے ۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ قومی ترانے میں پاکستان کی ثقافت کی بہترین عکس بندی کی گئی ہے،قومی ترانے کی ری ریکارڈنگ کیلئے 8جون 2021کو سابق حکومت نے سٹیرنگ کمیٹی بنائی تھی،جسے جاوید جبار نے ہیڈ کیا ، ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی دفاع کیلئے افواج او رسیکیورٹی فورسز نے قربانیاں دی ہیں،پاکستان کی ترقی میں جمہوری دور کے اثرات نمایاں ہیں۔