معروف امریکی گلوکارہ نے اپنے شوہر کو ہی تشدد کا نشانہ بنا دیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) شوہر کو تشدد کا نشانہ بنانے پرامریکی گلوکارہ مشعیل برانچ کو گرفتار کر لیا گیا۔ میل آن لائن کے مطابق 39سالہ مشعیل کے شوہر پیٹرک کارنے نے رات 3بجے پولیس کو کال کرکے اطلاع دی کہ اس کی بیوی نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر گلوکارہ کو حراست میں لے لیا۔ گلوکارہ کے شوہر نے پولیس کو بتایا کہ گلوکارہ نے اسے تھپڑوں سے پیٹا۔
رپورٹ کے مطابق اگلی صبح گلوکارہ کو 1ہزار ڈالر کی ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔ چند روز قبل ہی مشعیل برانچ کی طرف سے اپنے شوہر سے الگ ہونے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آ گیا ہے۔ واضح رہے کہ مشعیل برانچ اور پیٹرک کارنے کی شادی تین سال قبل ہوئی تھی۔