شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے 23 ستمبر کو خطاب کریں گے

شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے 23 ستمبر کو خطاب کریں گے
شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے 23 ستمبر کو خطاب کریں گے
سورس: Twitter

  

نیو یارک  (طاہر محمود چوہدری ) پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس سے 23 ستمبر کو خطاب کریں گے. وزیراعظم اجلاس میں شرکت کے لیے ستمبر کے تیسرے ہفتے میں نیویارک پہنچیں گے. میاں شہباز شریف کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی نیویارک جائیں گے.  وفاقی وزراء احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، مریم اورنگ زیب، سیکریٹری خارجہ اور  وزیراعظم کے سپیشل اسسٹنٹ برائے خارجہ امور طارق فاطمی کے علاوہ حکومتی اتحاد کی بعض اہم  شخصیات وزیر اعظم کے وفد کا حصہ ہوں گی. 

نیویارک میں پاکستان مشن اور نیویارک قونصلیٹ کی جانب سے وزیراعظم اور ان کے وفد کے ممبران کے لیے ہوٹل میں کمروں کی بکنگ سمیت دیگر تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے. وزیراعظم شہباز شریف  کشمیر پر بھارت کی جانب سے ظلم وستم،فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم، افغانستان، عالمی  مہنگائی و معاشی بحران، گلوبل وارمنگ، یوکرین پر روسی حملے کے نتیجے میں شدید عالمی غذائی عدم تحفظ اور توانائی کی قلت جیسے موضوعات کا اپنی تقریر میں احاطہ کریں گے. 

نیویارک میں پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ کے سفارتی ذرائع نے وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے کی تصدیق کی ہے. بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی اور روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں  شرکت نہیں کر رہے. ان کی جگہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اپنے ملکوں کی نمائندگی کریں گے. جبکہ افغانستان کی موجودہ حکومت کو کسی بھی ملک کی جانب سے تسلیم نہ کیے جانے کے باعث اس کی نمائندگی کوئی نہیں کرے گا.

مزید :

اہم خبریں -قومی -