معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی ‘ لاہور چیمبر

معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی ‘ لاہور چیمبر

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے صنعتی شعبے کے لیے اچھی خبر قرار دیا ہے جو بجلی کا سب سے بڑا استعمال کنندہ ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ یہ فیصلہ مینوفیکچرنگ سیکٹر پر سے دباﺅ کم کرے گا جو بجلی اور گیس کی قلت کے مسائل کا سامنا کررہا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی بتدریج گرتی قیمتوں کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات میں مزید کمی کی جا ئے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی اور غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔ اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات صنعتی شعبہ کا بنیادی خام مال ہیں اور ماضی میں ان کی قیمتوں میں اضافوں نے صنعتی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ زیادہ پیداواری لاگت کی وجہ سے پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈی میں شدید مقابلے کا سامنا ہے، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی سے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو استحکام حاصل ہوگا جس سے ملکی برآمدات بھی بڑھیں گی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی زرعی شعبے کی ترقی میں بھی کردار ادا کرے گی کیونکہ ہائی سپیڈ ڈیزل ٹیوب ویل اور دیگر زرعی مشینری میں بطور ایندھن استعمال ہوتا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے مثبت اقدامات کاروباری ماحول بہتر کریں گے اور تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیں گے۔

مزید : کامرس


loading...