عدم برداشت کی جاری سیاست سیاستدانوں کے خاتمے کا باعث بنے گی، عابد حسین

عدم برداشت کی جاری سیاست سیاستدانوں کے خاتمے کا باعث بنے گی، عابد حسین

لاہور(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ عدم برداشت کی جاری سیاست ملک سے سیاست اور سیاستدانوں کے خاتمے کا باعث بنے گی اور ملک کے طول و عرض میں عوام میں مایوسی پھیل جائے گی کیونکہ پاکستان کے عوام جمہوری نظام چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ ن ا ور تحریک انصاف دونوں جماعتیں محاز آرائی کو فروغ دے کر جمہوری نظام کو نقصان پہنچا رہے ہیں سابق صدر آصف علی زردار ی نے مفاہمت کی پالیسی کی بدولت پیپلز پارٹی کی پچھلی حکومت میں اپنی آئینی مدت پوری کی۔

اسکے باوجود کہ پارٹی کے پاس پارلیمنٹ میں اکثریت نہیں تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری اکثر جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے اور انکو جمہوری نظام میں سب کو سٹیک ہولڈر بنایا۔ اس کے برعکس مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کی حکومت کو سخت اور بلاجواز تنقید کا نشانہ بنایا لیکن آصف علی زرداری نے انکی زیادتیوں کا صبر اور استقلال سے مقابلہ کیا اور مفاہمت کی پالیسی کا دامن نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں کے لیڈر وں میں دوراندیشی کا بڑا فقدان ہے کیونکو وہ صورتحال کی سنگینی کو سمجھ ہی نہیں رہے جس سے ملکی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام انکی لڑائی کی سیاست سے سخت نالاں ہیں اور وہ سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں کہ انکو ملکی سیاست سے باہر نکال دینے ہی میں بہتری ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...