لیسکونے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے مزید32میگاواٹ لوڈ مختص کردیا،ایس ایم تنویر

لیسکونے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے مزید32میگاواٹ لوڈ مختص کردیا،ایس ایم تنویر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈمک)ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ لیسکو نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کے لئے مزید 32میگاواٹ کا لوڈ مختص کر دیا ہے جس سے صنعت سازی کے عمل میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ لیسکو نے پہلے ہی سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کے لئے 36میگاواٹ کا لوڈ مختص کیا ہوا ہے اور موجودہ 32میگاواٹ کا لوڈ اس سے ہٹ کر ہے۔چیئرمین پائی نے کہا کہ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں بجلی کے لوڈ میں اضافے سے صنعتی یونٹوں کی تعداد اگلے دو سالوں میں دوگنی ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں 35ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے جس سے 300نئی فیکٹریاں لگیں گی اور لگ بھگ 25000افراد کا روزگار یقینی ہو سکے گا، علاوہ ازیں ملکی معیشت کو ایک ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوگا۔ایس ایم تنویر نے کہا کہ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کی نئی مینجمنٹ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے وژن کے مطابق صوبے میں تیزی سے صنعت سازی کے فروغ کے لئے کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کی نئی انتظامیہ کو رہنمائی اور ان کے فیصلو ں پر اعتماد کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔واضح رہے کہ نئی انتظامیہ نے 2009میں سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کا چارج لیا تھا، تب سے لے کر اب تک سندر میں 40ارب روپے کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے اور 70فیصد ایریے پر صنعتوں کا جال بچھ چکا ہے ۔ایس ایم تنویر نے کہا کہ سندر میں 350صنعتی یونٹ پیداواری عمل میں مصروف ہیں جبکہ مزید 210صنعتی یونٹ زیر تعمیر ہیں جبکہ لگ بھگ 150نئے صنعتی یونٹ پائپ لائن میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیسکو نے 2006میں 4.8میگاواٹ کا لوڈ سندر کو دیا تھا جسے 2008میں بڑھا کر 10میگاواٹ کیا گیا، تاہم جونہی موجودہ انتظامیہ نے چارج سنبھالاتو 2010میں یہ لوڈ بڑھ کر 36میگاواٹ ہوگیا اور اب اس میں مزید 32میگاواٹ کا اضافہ ہو گیا ہے۔