تاج باغ ہاؤسنگ سکیم میں قبضہ گروپ دوبارہ سرگرم‘ غیرقانونی تعمیرات کاسلسلہ عروج پر

تاج باغ ہاؤسنگ سکیم میں قبضہ گروپ دوبارہ سرگرم‘ غیرقانونی تعمیرات کاسلسلہ ...

 لاہور(صبغت اللہ چودھری) ہربنس پورہ کے علاقے میں واقع تاج باغ ہاؤسنگ سکیم میں قبضہ گروپ ایک دفعہ پھر سرگرم ہو گیا ہے، محکمہ مال کے عملے کی ملی بھگت سے پارک کیلئے مختص جگہ پر غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ عروج پر ہے، ناجائز قابضین سے ایک سال قبل وا گزار کروائے گئے پارک کے 37 کنال رقبے پر راتوں رات چار دیواریاں کی جا رہی ہیں، مقامی رہائشیوں نے ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) عثمان اور اے سی شالیمار ارشد بھٹی سے فوری نوٹس لیتے ہوئے پارک کی جگہ وا گزار کروانے کا مطالبہ کر دیا روزنامہ ’’پاکستان‘‘ کی جانب سے موقع پر کئے گئے سروے میں تاجباغ ہاؤسنگ سکیم کے رہائشیوں کا کہنا تھا کہ پارک کیلئے مختص جگہ پر قبضہ مافیا نے تعمیرات کر لی تھیں جسے سخت کوششوں کے بعد تقریباً ایک سال قبل آپریشن کر کے وا گزار کروایا گیا تاہم پی ایچ اے کی طرف سے پارک کے ترقیاتی کام شروع نہ ہونے اور جگہ خالی دیکھ کر ایک مرتبہ پھر قبضہ گروپ تیزی سے ناجائز تعمیرات میں مصروف ہے جس کا فوری نوٹس لینا چاہیے تاجباغ سکیم کی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا کہ متعلقہ محکموں میں متعدد بار قبضہ گروپ کی سرگرمیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ علاقے کے متعلقہ ایم این اے سہیل بٹ اور ایم پی اے وحید گل کو بھی درخواست دی گئی لیکن با اثر قبضہ گروپ کیخلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی ایسوسی ایشن کے صدر خالد ڈار ، سیکرٹری جنرل فاروق شاہ، محمد افضل، ڈاکٹر صدیق اور دیگر نے بتایا کہ پارک کا معاملہ عرصہ 10 برس سے التواء کا شکار ہے ہزاروں کی آبادی والی تاجباغ سکیم کیلئے کوئی پارک نہیں، ایک برس قبل ڈی سی او کی ٹیم نے سابق اے سی شالیمار عاصم سلیم کے ہمراہ گرینڈ آپریشن کر کے 37 کنال پر مشتمل پارک سے ناجائز قابضین کا صفایا کیا تھاڈی سی او کیپٹن(ر) عثمان اور اے سی شالیمار ارشد بھٹی قبضہ گروپ کیخلاف کارروائی کر کے پارک کی جگہ وا گزار کروائیں۔ اے سی شالیمار ارشد بھٹی نے نمائندہ ’’پاکستان‘‘ کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ پارک پر ناجائز تعمیرات کا معاملہ انتظامیہ کے نوٹس میں آ چکا ہے ، آئندہ چند روز میں بڑے آپریشن کے ذریعے پارک سے قبضہ گروپ کا صفایا کر دیا جائے گا۔ انہوں نے تاجباغ سکیم کے رہائشیوں کو تسلی دیتے ہوئے مزید کہا کہ انتظامیہ اپنے علاقے میں قبضہ گروپوں کی ناجائز سرگرمیوں سے مکمل طور پر با خبر ہے ، حکومتی رٹ کو ہر صورت قائم رکھیں گے بہت جلد آپریشن کر کے پارک کا رقبہ وا گزار کروا لیں گے شہری اس معاملے میں فکر مند نہ ہوں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...