حکومت اور پی ٹی آئی جمہوری نظام کو نقصان پہنچا رہے ہیں، علامہ محمد یوسف
لاہور( نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی علماء ونگ پنجاب کے صدر علامہ محمد یوسف اعوان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن) ا ور تحریک انصاف دونوں جماعتیں محاز آرائی کو فروغ دے کر جمہوری نظام کو نقصان پہنچا رہے ہیں سابق صدر مملکت آصف علی زردار ی نے مفاہمت کی پالیسی کی بدولت پیپلز پارٹی کی پچھلی حکومت میں اپنی آئینی مدت پوری کی اسکے باوجود کہ پارٹی کے پاس پارلیمنٹ میں اکثریت نہیں تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری اکثر جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے اور انکو جمہوری نظام میں سب کو سٹیک ہولڈر بنایا اس کے برعکس مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کی حکومت کو سخت اور بلاجواز تنقید کا نشانہ بنایا لیکن آصف علی زرداری نے انکی زیادتیوں کا صبر اور استقلال سے مقابلہ کیا اور مفاہمت کی پالیسی کا دامن نہیں چھوڑا۔ علامہ محمد یوسف اعوان نے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں کے لیڈر وں میں دوراندیشی کا بڑا فقدان ہے کیونکو وہ صورتحال کی سنگینی کو سمجھ ہی نہیں رہے جس سے ملکی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام انکی لڑائی کی سیاست سے سخت نالاں ہیں اور وہ سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں کہ انکو ملکی سیاست سے باہر نکال دینے ہی میں بہتری ہے۔