مناواں ،دیرینہ دشمنی پر قتل ہونیوالا 3بچوں کا باپ سپرد خاک

مناواں ،دیرینہ دشمنی پر قتل ہونیوالا 3بچوں کا باپ سپرد خاک

لاہور(کرائم سیل)مناواں کے علاقہ میں دیرینہ دشمنی پر قتل ہونے والے 3بچوں کے باپ کی نعش کو انویسٹی گیشن پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا جبکہ ملزمان کے خلاف نامزد مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کرد یا گیا ہے۔بعد ازاں مقتول کو بعد ازاں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق مناواں کے علاقہ میں اعوان ڈھائے والہ کے رہائشی50سالہ چوہدری افتخار کی گزشتہ کئی سالوں سے علاقہ کے منشیات فروشوں کے ساتھ دشمنی چل رہی تھی۔محمد افتخارانہیں علاقہ میں منشیات فروشی سے رو کتا تھا جس کی وجہ سے پچھلے سال بھی اس کے بھائی محمد یونس کو ملزمان گوہر عرف گونا،محسن ،امیر ،بشیر ،نصیر نے قتل کر دیا تھا جس کے مقدمہ میں چند ملزمان اشتہاری بھی تھے۔گزشتہ روز محمد افتخاز داتا دربار سلام کرنے کے بعد واپس اپنے گاؤں کی جانب جا رہے تھے کہ گوبھی کے کھیت میں چھپے ہوئے ملزمان محسن اور گوہر نے ان پر فائرنگ کر دی جس کی وجہ سے محمد افتخارموقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے پولیس نے گزشتہ روز مقتول کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا جسے بعد ازاں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں مناواں کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔

اس موقع پر کئی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔مقتول کے ورثا اور اہل علاقہ نے نمائندہ\" پاکستان\" سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے ملزمان کے خلاف نامزد مقدمہ درج کر لیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ پولیس حکام سے اپیل ہے کہ ہمیں انصاف دلایا جائے اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

مزید : علاقائی


loading...