بجلی کی قیمت میں2.32روپے فی یونٹ کمی

بجلی کی قیمت میں2.32روپے فی یونٹ کمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                    پشاور(مانٹیرنگ ڈیسک،اے این این) وزیر اعظم نواز شریف نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے32 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا ہے اور کہاہے کہ دھرنوں کے سائے کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرتی رہے گی ،آئندہ ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی مزید کمی کریں گے ، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے کاشتکاروں کو براہ راست فائدہ،مہنگائی میں کمی،صنعتی پیداواراوربرآمدات میں اضافہ ہوگا، خاموشی کے ساتھ بہت سے کام کر رہے ہیں، ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے ، واپڈا میں بے پناہ کرپشن ہے، بجلی چوری جیسے معاملات درست کرنے کا عزم کر رکھا ہے، گورنرہاو¿س پشاورمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے، پشاور سے عوام کو بجلی سستی کرنے کی خوشخبری دے رہا ہوں جس کی فی یونٹ قیمت دو روپے32 پیسے کم کی جارہی ہے سستی بجلی سے مہنگائی کم ہوگی جس کے بعد ملک میں صنعتی پیدوار میں اضافہ ہوگااوربرآمدات بڑھیں گی ۔ہم نے بجلی بحران حل کرنے کے لیے کوئی مدت نہیں دی تاہم ہماری کوشش ہوگی کہ اپنے دور حکومت میں بجلی بحران کو ختم کر دیں اور اس کی قیمتوں کو بھی نیچے لے کر آئیں ۔ نواز شریف نے کہا کہ واپڈا میں بے پناہ کرپشن ہے، محکمے میں چوری کرنے اور کرانے والے موجود ہیں بجلی کی ترسیل کے نظام کو بھی ٹھیک کرنا ہے جس میں زائد بجلی ترسیل کرنے کی صلاحیت نہیں ۔ ٹرانسمشن لائنوں کو ٹھیک کرنے کیلئے اربوں ڈالر کی ضرورت ہے۔ 1999ءمیں میرے دور حکومت میں ملک میں اتنی بجلی تھی کہ بھارت ہم سے بجلی خریدنا چاہتا تھا۔ انہوں نے کہاقیمتوں میں کمی کے معاملے کی نگرانی کےلئے کابینہ کی کمیٹی بنادی ہے اور خود اس کمیٹی کا سربراہ ہونے کے ناطے اس کی نگرانی کروں گا۔ تحریک انصاف کے احتجاج سے متعلق سوال پروزیراعظم نے کہا کہ مجھ سے کراچی کے احتجاج کا نہ پوچھیں بلکہ ملکی ترقی کے لئے جاری منصوبوں کا پوچھیں، موٹروے کی بات کریں، بجلی کی منصوبوں ، ڈالر کی قیمت، پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی بات کریں دن رات ایک کر کے پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں موجودہ حکومت ڈالر کی قیمت 98 روپے تک لے آئی تھی لیکن دھرنوں کے باعث ایک مرتبہ پھر ڈالر 103 روپے تک پہنچ چکا ہے جبکہ دھرنوں کی سیاست کی وجہ سے چین کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری متاثرہوئی اور سرمایہ کار پیسہ لگانے کو تیار نہیں، نیا پاکستان خیبرپختونخوا میں بنتا نظر آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نئی سڑکیں بننے اور فیکٹریاں لگنے سے بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا اور حکومت بجلی اور گیس کی کمی کا خاتمہ کر کے دکھائے گی، ترقی کے پہلے مرحلے میں ایران سے لی گئی گیس بلوچستان اور بالائی علاقوں میں خوشحالی لائے گی جس کے بعد ایل این جی اور گیس کے ذریعے بجلی گھر لگائیں گے اور اسی طرح کراچی لاہور موٹر وے کا بھی بہت جلد آغاز کردیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ چین کی طرف سے کوئلے کے پاور پلانٹس میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جس میں کوئی قرض شامل نہیں ہے اگر دھرنے نہ ہوتے تو اب تک یہ منصوبے باقاعدہ شروع ہو جاتے۔ انھوں نے کہا کہ خاموشی کے ساتھ بہت سے کام کر رہے ہیں، ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے ۔آئندہ ماہ پٹرولیم مصنوعات میں مزید کمی کریں گے، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے کاشتکاروں کو براہ راست فائدہ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام جلد شروع کیاجائیگا اور اس منصوبے کے تحت گوادر سے نواب شاہ تک پائپ لائن بچھائی جائے گی۔توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ دریں اثناء پشاور میں خیبر پختونخوا کے سابق سینئروزیر مرحوم بشیر احمد بلور کے بیٹے عثمان بلور کے انتقال پر اہل خانہ سے تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مکمل امن سے ملک میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ بلور خاندان نے جمہوریت اورخیبر پختونخوا میں امن کےلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔وہ عثمان بلور کے انتقال پر بلور خاندان سے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ قبل ازیں پشاور پہنچنے پر گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

مزید :

صفحہ اول -