وزراءحکومت سے وفاداریوں کے بجائے بحران سے نکالنے کا راستہ تلاش کریں ،سراج الحق

وزراءحکومت سے وفاداریوں کے بجائے بحران سے نکالنے کا راستہ تلاش کریں ،سراج ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                    لوئر دیر(اے این این، آن لائن )امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ وزراءتلخ بیانات سے اپنی وفاداریوں کا ثبوت دینے کے بجائے نفرتیں کم کرنے اور حکومت کو بحران سے نکالنے کا رستہ تلاش کریں ۔اس وقت آگ لگانے کی نہیں آگے بجھانے والوں کی ضرورت ہے ،مذاکراتی عمل کی بحالی قوم کیلئے بڑی خوشخبری ہے ،فریقین کو اب وقت ضائع کئے بغیر اخلاص سے مذاکرات کی کامیابی کی کوشش کرنی چاہئے ۔سیاسی جرگہ نے چار ماہ تک فریقین کو باہم دست و گریبان ہونے سے بچانے کیلئے بڑی محنت کی ،یہ قدرت کی طرف سے ہماری کوششوں کا انعام ہے کہ ملک کسی بڑے حادثے سے بچ گیا ہے اور فریقین کے درمیان مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہوگیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوئر دیر مرکز اسلامی میں جمعہ کے اجتماع اور اپنے حلقہ انتخاب کی یونین کونسل مسکینی میں دورابطہ پلوں کی افتتاحی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ اس وقت محبتیں بانٹنے اور نفرتیں کم کرنے کی ضرورت ہے ۔حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کا خیرخواہ کوئی فرد بھی انتشار اور بدامنی نہیں چاہتا ،قوم مذاکرات کی کامیابی کی دعائیں کررہی ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کی بحالی سے اسلام و ملک دشمن قوتیں متحرک ہوگئی ہیں ،مذاکرات کی بحالی سے ان چہروں پر اوس پڑ گئی ہے جو ہر صورت ملک میں دھنگا فساد کرانے اور انتشار اور انارکی پھیلانے کی سازشیں کررہے تھے ،انہوں نے کہا کہ اب حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیموں کو میراتھن مذاکرات کرنے چاہئیں تاکہ مذاکرات مخالف قوتوں کو سازش کا موقع نہ مل سکے ۔سراج الحق نے اپنی مدد آپ کے تحت مقررہ مدت سے کم عرصے میںپلوں کی تعمیر پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت اور انتظامیہ عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے تو عوام اپنے ملک کی فلاح و بہبود اور ترقی کے کاموں میں حکومت کا ہاتھ بٹاتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ قیادت دیانت دار اور عوام کی خدمت کرنے والی ہو تو عوام ان کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کیلئے تیار ہوجاتے ہیں،لیکن گزشتہ 68سال سے ملک کو ایسی قیادت نصیب نہیں ہوسکی ،جس کی وجہ سے قدرتی وسائل سے مالا مال اور بہترین موسموں اور جفاکش لوگوں کا یہ ملک مسائل کی آماجگاہ بنا ہوا ہے ،

مزید :

صفحہ اول -