داتا گنج بخش ؒ کے عرس مبارک کی تقریبات دینی جوش و جذبے کیساتھ جاری
لاہور ( سٹاف رپورٹر ) حضرت سید علی بن عثمان الہجویری المعروف بہ داتا گنج بخش ؒ کے 971ویں عرس کی تقریبات دوسرے روز بھی دینی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ جاری رہیں اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کے باعث کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آیا ۔ آج عرس کا آخری روز ہے اور صوبائی دارالحکومت میں مقامی تعطیل بھی ہے۔ گزشتہ روز بھی شہر بھر کے مختلف علاقوں سمیت اندرون و بیرون ممالک سے زائرین اور عقیدت مند ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے ٹولیوں کی شکل میں چادر پوشی کے لئے مزار پر پہنچتے رہتے تاہم مزار کی چاروں جانب راستے ٹریفک پولیس کی طرف سے بند کئے جانے کے باعث زائرین کو مزار پر پہنچنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑااور اس سال زائرین کی تعداد معمول سے قدرے کم رہی اوقاف حکام کے عرس پر وسیع لنگر انتظامات کے دعووں کے باوجود زائرین سمیت اوقاف ملازمین بھی لنگر اور دودھ نہ ملنے اور حفاظت پاپوش ملازمین کی جانب سے زائد اجرت وصولی کی شکایت کرتے دکھائی دیئے ۔ عرس کے دوسرے روز صبح نماز فجر کے بعد حضرت داتا گنج بخش ؒ کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی ہوئی اور صبح سے نماز عشاء تک پانچ تبلیغی ورواحانی اجتماعات ہوئے جن میں ملک کے ممتاز علما و مشائخ نے حضرت داتا گنج بخش کی ؒ تعلیمات او ر فیوض و برکات پر روشنی ڈالی۔ رات گئے تک قوالیوں کا سلسلہ جاری رہا خصوصی محفل ختم شریف رات 12 بجے اور رات ڈیڑھ بجے دعا ہوئی عرس تقریبات کا سلسلہ آج آخری اور تیسرے روز بھی جاری رہے گا عرس کے تیسرے روز صبح سے نماز عشا ء تک مسجد داتا دربار میں پانچ تبلیغی و روحانی اجتماعات او رعلمی محافل ہو ں گی اور خصوصی محافل سماع جاری رہنے سمیت بعد نماز عشاء قومی محفل نعت ہوگی رات 12بجے محفل ختم شریف اور عرس کی اختتامی و خصوصی دعا شب 2بجے ہوگی ۔