بھارت خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے ، حافظ ادریس

بھارت خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے ، حافظ ادریس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹا ف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستا ن حافظ ادریس نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کیلئے ایک خط لکھ دینا کافی نہیں حکمران اگر مذاکرات چاہتے ہیں تو انہیں کمیشن کی تشکیل کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش کرنی چاہئے ،حکومت ایک طرف غیر مشروط مذاکرات کے اعلان کررہی ہے اور دوسری طرف ابھی تک جوڈیشل کمیشن نہیں بن سکا۔ملک میں جاری افراتفری اور انتشار کا واحد علاج حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان کامیاب مذاکرات ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد ادریس نے بھارت میں مسلمانوں کو زبر دستی ہندو بنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے ،راشٹریہ سیوک سنگھ کے غنڈے جان سے ماردینے اور زندہ جلانے کی دھمکیاں دے کرمسلمانوں کوہندو بننے پر مجبور کررہے ہیں ،اوراپنے دین پر قائم رہنے والوں کو اذیتیں دے دے کرمار دیا جاتا ہے ،انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کو زبردستی ہندو بنانے اورمسلمانوں کی جائیدادیں چھیننے کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئے ، اور خاموش تماشائی بننے کی بجائے ہندوؤں کے اس ظلم و جبرکو روکنے کی عالمی سطح پر کوشش کی جانی چاہئے ،انہوں نے کہا کہ مودی کے اقتدار میں آتے ہیں ہی انتہاپسند ہندو تنظیموں نے چاروں طرف سے مسلم آبادیوں پر دھاوا بول دیا ہے اور ان پر طرح طرح کے مظالم ڈھائے جارہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہندو حکمران نہ صرف بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں بلکہ بنگلا دیشی وزیر اعظم حسینہ واجد کی طرف سے اسلامی تحریک کے قائدین پر انسانیت سوز مظالم پر شاباش کے پیغامات بھجوا رہا ہے ۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ خود قومی لیڈر قرار دینے والے الطاف حسین کی طرف سے وزیر اعظم سمیت پنجاب کے کسی وزیر کو سندھ میں داخل نہ ہونے دینے کا بیان قومی وحدت کے خلاف گہری سازش ہے،انہوں نے کہا کہ قوم ابھی سقوط ڈھاکہ کا زخم نہیں بھولی ،الطاف حسین کے اس بیان نے بھٹو کے ادھر ہم ادھر تم والے بیان کی یاد تازہ کردی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -