کرپشن کے خاتمے کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر ’’نوٹوکرپشن‘‘ کہنا ہو گا، قمر زمان چودھری

کرپشن کے خاتمے کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر ’’نوٹوکرپشن‘‘ کہنا ہو گا، ...

 لاہور(کامرس رپورٹر) انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے کی مناسبت سے واپڈا ہاؤس میں سمینار منعقد ہوا، جس کا مقصد کرپشن کی وجہ سے پیدا ہونے والی خرابیوں کے بارے میں شعور پیدا کرنا تھا۔ چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری سیمینار کے مہمانِ خصوصی تھے جبکہ چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان مجیب الرحمن شامی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین بشمول ناصرہ جاوید اقبال، امجد اسلام امجد، مذہبی سکالر صاحبزادہ محمد امانت رسول، ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب انور رشید، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف اور چیئرمین واپڈا ظفر محمود نے سمینار سے خطاب کیا۔سیمینارسے خطاب میں چیئرمین نیب نے کہا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے لوگوں میں آگہی پیدا کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اوراپنے فرائض کی انجام دہی کیلئے بھرپور کوشش کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کرپشن انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن میں بہتری حوصلہ افزاء ہے اور پاکستان کی یہ پوزیشن 1995 ء میں پہلے انڈیکس کے اجراء سے آج تک سب سے بہتر پوزیشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے قوم کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر ’’نو ٹو کرپشن‘‘ کہنا ہوگا۔ انہوں نے سیمینار کے انعقاد پر واپڈاکو مبارکباد پیش کی۔چیئرمین واپڈا نے اپنے خطاب میں کہاکہ انسدادِ بدعنوانی کیلئے شعور بیدار کرنے کی خاطر واپڈا نے یہ سیمینار اپنی معاشرتی ذمہ داری کے تحت منعقد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ واپڈا کرپشن کے تدارک کیلئے پر عزم ہے اور اس حوالے سے واپڈا میں مؤثر نظام موجود ہے۔مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے وقت قائد اعظم نے دستور ساز اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں کرپشن اور اقرباء پروری کو نوزائیدہ ملک کیلئے سب سے بڑے مسائل قرار دیا تھا۔جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ جاوید اقبال نے معاشرے سے کرپشن کے خاتمے کیلئے خود احتسابی اور شعور کی بیداری پر زور دیا۔ امجداسلام امجد نے کہا کہ ہم سب کو مسئلے کا حصہ بننے کی بجائے کرپشن کے حل کا حصہ بننا چاہئے۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے کرپشن کے خاتمے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت اجاگر کی۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب انور رشید نے اپنے محکمے کی جانب سے کرپشن کے خاتمے کیلئے کئے گئے اقدامات کی تفصیلات بیان کیں۔ صاحبزادہ محمد امانت رسول نے کہا کہ اسلامی اقدار کے نفاذ سے لوگوں میں کرپشن کے خلاف رجحان پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...