ہوبارٹ ٹیسٹ ، ویسٹ انڈی کو آسٹریلیا کے ہاتھوں اننگز اور 212رنز سے شکست

ہوبارٹ ٹیسٹ ، ویسٹ انڈی کو آسٹریلیا کے ہاتھوں اننگز اور 212رنز سے شکست

  

 ہوبارٹ ۔ 12 دسمبر (اے پی پی) آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو اننگز اور 212 رنز کے واضح مارجن سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز فالو آن کا شکار ہونے کے بعد بھی نہ سنبھل سکی اور دوسری اننگز میں محض 148 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جیمز پیٹنسن نے 5 اور جوش ہیزل ووڈ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں ڈیرن براوو نے 108 رنز کی اننگز کھیلی۔ ایڈم ووجز کو 269 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ ہفتہ کو ہوبارٹ میں ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 207 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 223 پر ڈھیر ہوگئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈیرن براوو نے 108 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے چار، نیتھن لائن نے تین اور پیٹر سڈل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ فالو آن کے بعد بھی ویسٹ انڈین ٹیم آسٹریلوی مضبوط باؤلنگ اٹیک کے سامنے بالکل بے بس دکھائی دی اور پوری ٹیم 148 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئی، کریگ براتھویٹ نے 94 رنز کی اننگز کھیلی تاہم دیگر بلے بازوں کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔ راجیندرا چندریکا صفر، ڈیرن براوو 4 ، مارلن سیموئلز 3 ، جرمائن بلیکووڈ صفر، دنیش رامدین 4 ، کپتان جیسن ہولڈر 17 ، کیمار روچ 3 اور جیروم ٹیلر 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جیمز پیٹنسن سب سے کامیاب باؤلر رہے، انہوں نے 27 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، جوش ہیزل ووڈ نے تین اور مچل مارش نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 583 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ ایڈم ووجز کو ناقابل شکست ڈبل سنچری سکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -