نیوزی لینڈ کی سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ میں گرفت مضبوط

نیوزی لینڈ کی سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ میں گرفت مضبوط

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 ڈونیڈن (اے پی پی) نیوزی لینڈ کی ڈونیڈن ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہوگئی، بلیک کیپس نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 171 رنز بنا لئے اور اسے 308 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے، ٹام لیتھم 72 اور کین ولیمسن 48 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکن ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 294 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اسے 137 رنز خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ دنیش چندیمل 83 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ ٹم ساؤدی اور نیل ویگنر نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ ہفتہ کو ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 197 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو کتھروان وتھنگے 10 اور دنیش چندیمل 83 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، چندیمل گزشتہ روز کے سکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔ وتھنگے 22 رنز بناکر ٹم ساؤدی کا نشانہ بنے۔ ملندا سری وردنا نے 35 رنز کی اننگز کھیلی، رنگنا ہیراتھ 15 ، دشمانتھا چمیرا 14 اور نوان پردیپ 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، سرنگا لکمل 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح سری لنکا کی ٹیم نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز 431 رنز کے جواب میں 294 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اسے 197 رنز خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹم ساؤدی اور نیل ویگنر نے تین، تین جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور مچل سینٹنر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 171 رنز بنا لئے اور اسے 308 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ مارٹن گپٹل 46 رنز بناکر رنگنا ہیراتھ کا شکار بنے۔ ٹام لیتھم 72 اور کین ولیمسن 48 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔