کراچی:سیکورٹی اداروں کی کارکردگی میں رکاوٹ بننے کی کوشش نہ کی جائے‘تاجر برادری

کراچی:سیکورٹی اداروں کی کارکردگی میں رکاوٹ بننے کی کوشش نہ کی جائے‘تاجر ...

  

کراچی(اکنامک رپورٹر)کراچی کے تاجروں نے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں امن و امان کی اطمینان بخش اور حوصلہ افزاء صورتحال کے خلاف کسی بھی نامناسب فیصلے سے گریز کیا جائے اور بحالیِ امن کے تحت فعال اور موثر کردار ادا کرنے والے سیکورٹی اداروں کی کارکردگی میں رکاوٹ بننے کی کوشش نہ کی جائے، رینجرز کے اختیارات بحال نہ کئے گئے تو تاجر سندھ اسمبلی کا گھیراؤ کرینگے، منگل 15دسمبر کو تاجروں کا ہنگامی اجلاس بلالیا گیا۔ آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر دیگر تاجر رہنماؤں اکرم رانا، انصار بیگ قادری، طارق ممتاز، زبیر علی خان، عبدالغنی اخوند، احمد شمسی، شیخ محمد عالم، سمیع اللہ خان، سید شرافت علی، ملک اسلم جاوید ارائیں، ضیاء عمر سہگل، الطاف لالہ، میر عبدالحئی خان، محمد آصف ، دلشاد بخاری، عبدالقادر، محمد عارف، عبدالحکیم شاہ، عرفان للہ، امان اللہ شاہ، شاکر فینسی اور دیگر نے شہر میں قیام امن کے تحت رینجرز کی بیمثال کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں رینجرز کو بے اختیار کیا گیا تو بھتہ خور پھر با اختیار ہوجائینگے، امن و امان کے تحت کی گئی کوششوں کو دھچکا پہنچے گا اور زیرِ زمین چھپے ہوئے بھتہ خور اور اغواء کار دوبارہ فعّال ہو جائیں گے۔

تاجروں نے کہا کہ تاجر برادری رینجرز کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہے۔ عتیق میر نے کہا کہ رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن کی بدولت شہر میں سرمایہ کاری کی فضاء بحال ہو رہی ہے، کاروباری مراکز میں خوف کی فضاء ختم، بھتہ اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں 90 فیصد سے زائد کمی واقع ہوگئی ہے جبکہ ٹارگٹ کلنگ میں بھی واضح طور پر کمی واقع ہونے سے شہر میں خوف و ہراس کی فضا کا خاتمہ ہوگیا ہے۔

مزید :

کامرس -