پنجاب جو ڈیشل اکیڈمی کی لائبریرین اور آئی بی کے اسٹنٹ ڈائریکٹر کیخلاف اغوا کا مقدمہ درج
لاہور(نامہ نگار خصوصی )پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کی خاتون لائبریرین فرح شاہین اوران کے شوہر آئی بی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرید یونس کے خلاف پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے نائب قاصد کو اغواء کرنے کا مقدمہ تھانہ سول لائنزمیں درج کر لیا گیاہے،تھانہ سول لائز میں نائب قاصد عدنان راجہ کی مدعیت میں درج مقدمے کے مطابق جوڈیشل اکیڈمی میں چند دن قبل خاتون لائبریرین فرح شاہین کے 2 دسمبر کومبینہ طور پر ڈیڑھ لاکھ روپے چوری ہو گئے، خاتون لائبریرین نے نائب قاصد سے پوچھ گچھ کی تو اس نے رقم کی چوری سے انکار کر دیا جس کے بعد خاتون لائبریرین نے اپنے شوہر فرید یونس کو کہہ کر عدنان راجہ کو بہانے سے باہر بلایا جہاں سے فرید یونس اپنے ساتھی اہلکاروں کے ساتھ مل کر نائب قاصد کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر لے گئے، ایف آئی آر کے مطابق اغواء کار نائب قاصد کو ڈرا دھمکا کر فرح شاہین کی چوری کی رقم کا اعتراف کرنے پر مجبور کرتے رہے اور اعتراف نہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے رہے جس کے بعد اغواء کار نائب قاصد کو ایک کوٹھی کی بیسمنٹ میں لے کر گئے اور وہاں بھی اس پر چوری کی رقم کا اعتراف کرنے کے لئے دباؤ ڈالتے رہے تاہم نائب قاصد کے انکار پر اسے رات گئے زبان بند رکھنے کی دھمکی دے کر چھوڑ دیا گیا، خاتون لائبریرین فرح شاہین اوران کے شوہر فرید یونس سمیت نامعلوم ملزموں کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 365 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔