’’ شہید بچو! تمہیں وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں‘‘ پنجاب میں شہداء کی یاد میں تقریبات

’’ شہید بچو! تمہیں وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں‘‘ پنجاب میں شہداء کی یاد میں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) 2014ء کو آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ میں شہید ہونے والے طلبہ اور اساتذہ کی یاد میں پنجاب کے مختلف اضلاع میں یادگاری تقاریب منعقد ہوئیں۔ تقاریب کے دوران شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کے لئے دعائیں بھی کی گئیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی خصوصی اپیل پر ملتان‘ فیصل آباد ‘ بہاولپور‘ لاہور‘ راولپنڈی کے اضلاع میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں اور مختلف محکموں میں سانحہ آرمی پبلک سکول کی یاد میں سات روزہ خصوصی تقاریب کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ ملتان میں نشاط ہائی سکول پیرخورشید کالونی میں سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے انسداد دہشت گردی کے موضوع پر تقاریر کیں‘ ٹیبلو اور خاکے پیش کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ آفیسر ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ حق نوازچوہان نے کہا کہ معصوم شہریوں کی جانیں لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ نیشنل ایکشن پلان کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ فیصل آباد میںآرٹس کونسل اور ڈائریکٹوریٹ آف کالجز کے اشتراک سے آرٹ گیلری میں شہداء کی یاد میں طلبہ کے تیار کردہ تصاویری پوسٹروں کی نمائش 16دسمبر تک جاری ہے۔ ای ڈی او سی ڈی آصف تارڑ نے دورہ کر کے طلبہ کی تخلیقات کو سراہا۔ دارالامان غلام محمد آباد میں شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ گورنمنٹ میونسپل ڈگری کالج عبداللہ پور میں شہداء کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فقیر حسین نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے سانحہ کے بعد جہالت کی شکست ہوئی اور علم جیت گیا۔ طلبہ کے جذبے ہمالیہ سے بلند ہیں۔ گورنمنٹ کالج برائے خواتین کارخانہ بازار ‘ گورنمنٹ گرلز ہائیرسیکنڈری سکول سمن آباد اور گورنمنٹ ایم سی بوائز ہائیرسیکنڈری سکول میں ملی نغموں کے مقابلے منعقد ہوئے۔ چنیوٹ کے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین میں سانحہ پشاور کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ شہداء کے لئے خصوصی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ طالبات نے شہداء کو منظوم خراج تحسین پیش کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر لقمان عالم نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور متفق ہے۔ بہاولپور میں صادق ڈین بوائز ہائی سکول میں منعقدہ خصوصی تقریب میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیرمملکت برائے تعلیم و داخلہ بلیغ الرحمن تھے۔ بہاولپور آرٹس کونسل میں سانحہ پشاور کی یاد میں خصوصی محفل مشاعرہ منعقد ہوئی۔ محفل مشاعرہ میں قیوم سرکش‘ مشہود حسین رضوی‘ ذیشان اطہر‘ طالب حسین‘ مطلوب حسین زیدی‘ فیصل خیام‘ وقار عزیز قریشی‘ محسن دوست‘ خالد محبوب‘ خرم آفاق‘ مریدحسین انصاف‘ دبیر الملک‘ ضیامذکور‘ پارس مزاری‘ جاوید کشمیری‘ فیصل اور مریم ریاض نے شہدائے آرمی پبلک سکول کو منظوم خراج تحسین پیش کیا۔ راولپنڈی کی آرٹس کونسل میں خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرمحنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ سانحہ پشاور کے شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ تقریب میں شہداء کے لئے دعا بھی کی گئی۔ قصور میں گورنمنٹ حنیفہ بیگم ڈگری کالج برائے خواتین مصطفی آباد‘ گورنمنٹ گرلز کالج پتوکی‘ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول قصور اور گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول قصور میں شہدائے پشاور کی یاد میں منعقدہ تقاریب میں طلبہ نے ٹیبلو‘ تقاریر اور ملی نغمے پیش کیئے اور شمعیں بھی روشن کیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد زاہد مان نے کہا کہ ہم نے دشمن سے گھبرانا نہیں بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے۔ قوم معصوم شہداء کو نہیں بھولے گی۔ ای ڈی او ایجوکیشن میاں ذوالفقار علی نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی لازوال قربانی نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کر دیا ہے۔ قصور میں ہر تحصیل ہیڈکوارٹر پر سانحہ آرمی پبلک سکول کے بارے میں طلبہ نے تقریری مقابلوں میں حصہ لیا۔شیخوپورہ میں گورنمنٹ خدیجتہ الکبریٰ ہائی میں منعقدہ تقریب میں شہداء کی یاد میں ملی نغموں کے مقابلے ہوئے۔ گورنمنٹ ایم سی ماڈل گرلز ہائی سکول اقبال پارک میں طلبہ نے تصاویری پوسٹرز بنائے۔ پیربہارشاہ ڈگری کالج اور گورنمنٹ ہائیرسیکنڈری سکول مریدکے میں طلبہ نے تقاریر‘ ملی نغمے اورٹیبلو پیش کئے

مزید :

علاقائی -