گارڈن ٹاؤن،حادثاتی طور پرگولی چلنے سے آٹھویں کاطالب علم جاں بحق
لاہور(وقائع نگار) گارڈن ٹاؤن میں کزن کے پستول سے کھیلتے ہوئے حادثاتی طور پر گولی چلنے سے 13سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے متوفی کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں جمع کرواتے ہوئے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔متوفی کے لواحقین ،اہل علاقہ اور دیگر رشتہ داروں نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 13سالہ نعمان آٹھویں جماعت کا طالب علم تھا اس کا والد بزنس مین ہے ۔گزشتہ روز وہ گھر میں اپنے ایک کزن کی جانب سے لائے ہوئے پستول سے کھیل رہا تھا کہ حادثاتی طور پر گولی چل گئی جو کہ اس کے سینے پر لگی جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گیا ۔اس کو فوری طور پر گھر والے جناح ہسپتال میں طبی امداد کے لیے لیکر گئے جہاں پر کئی گھنٹے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے متوفی کی نعش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں جمع کروا دیا ہے پولیس کے مطابق گھر والے تو واقع کو حادثہ بتا رہے ہیں لیکن اس حوالے سے ہر پہلو پر تفتیش کی جا رہی ہے ۔پستول کا لائسنس تاحال ان کو فراہم نہیں کیا گیا ، جلد ہی واقعہ کی تہہ تک پہنچ جائیں گے ۔اسی لیے متوفی کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں جمع کروایا گیا ہے ۔البتہ تاحال واقع کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔