رینجرز کے مینڈیٹ میں کرپشن کا خاتمہ شامل نہیں، فرحت اللہ بابر

رینجرز کے مینڈیٹ میں کرپشن کا خاتمہ شامل نہیں، فرحت اللہ بابر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ کراچی آپریشن سندھ حکومت کے مشورے اور مدد سے شروع کیا گیا تھا اور یہ بھی کہا گیا تھا کہ رینجرز کے اختیارات کا تعین سندھ حکومت کرے گی۔ جیسا کہ سندھ کے وزیراعلیٰ نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ رینجرز کا مینڈیٹ دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور تشدد کو روکنا ہے۔ مختلف طریقوں سے دیکھا جائے تو رینجرز نے اپنا یہ کام قابل قدر انداز میں سرانجام دیا ہے تاہم مسئلہ اس وقت بنا کہ جب رینجرز نے یہ تصور کیا کہ اس کے مینڈیٹ میں غیرقانونی کرپشن کا خاتمہ بھی شامل ہے جبکہ ایسا رینجرز نے پہلے کبھی نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب سے پہلے مینڈیٹ سے تجاوز کرنے پر کسی قسم کا جھگڑا نہیں ہوا تھا اس لئے اس مسئلے کو سندھ اسمبلی لے جانے کی ضرورت ہی نہیں پڑی تھی۔ لیکن اب یہ تضاد ابھر آیا ہے اس لئے یہ مسئلہ صوبائی اسمبلی میں مشورے کیلئے لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ کہنا کہ سندھ حکومت نے یہ اعتراضات صرف ایک شخص کی خاطر اٹھائے ہیں کہنا قطعی غلط ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے پاکستان فوج، رینجرز اور پیرا ملٹری فورسز اور قانون نافذ کرنے والے سویلین اداروں، پولیس اور معصوم عوام کی دہشتگردی سے جنگ میں قربانیوں کو ہمیشہ سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن سے انتہائی مضبوط طاقت سے نمٹنا چاہیے لیکن اس سے نمٹنے کے لئے ان قانونی اداروں کو استعمال کرنا چاہیے جن کے پاس اس مقصد کے لئے مینڈیٹ موجود ہے۔

مزید :

صفحہ اول -