شہید بچوں کو خون کا قرض دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر کے اتاریں گے ،شہباز شریف

شہید بچوں کو خون کا قرض دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر کے اتاریں گے ،شہباز شریف

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کے درمیان یہاں ملاقات ہوئی جس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبہ پنجاب میں انسداد دہشت گردی کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بات چیت کی گئی اور دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے بھرپور عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور کور کمانڈر لاہور نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں کی عظیم قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں نے عظیم مقصد کیلئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ 18 کروڑ عوام بچوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے اور شہید بچوں کی لازوال قربانیوں کے طفیل آج پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں کا خون ہم سب پر قرض ہے اور یہ قرض پاک دھرتی سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرکے اتاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں اور اساتذہ کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ’’ہفتہ شہدا‘‘ منا رہی ہے اور پوری قوم 16 دسمبر کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شجر کاری اور ہارٹیکلچر کے فروغ کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی دارالحکومت میں تین مختلف مقامات پر فاریسٹ پارکس بنانے کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ہارٹیکلچر اور شجر کاری کے فروغ کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ صوبے بھر میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کو ہارٹیکلچر کے ذریعے دیدہ زیب اور خوبصورت بنایا جا رہا ہے جس سے شہروں کی خوبصورتی اور دلکشی میں اضافہ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ پارکوں کی بحالی اور ان میں تفریحی سہولیات کو بہتر بنانے کا کام تیزرفتاری سے کیا جائے۔ شہروں کو ہارٹیکلچر اور شجر کاری کے ذریعے خوبصورت بنانے کے لئے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔ وزیر اعلی نے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی خود مختار ہو گی جو ہارٹیکلچر اور شجر کاری کے فروغ کے لئے اقدامات کرے گی اوریہ سٹیئرنگ کمیٹی ہارٹیکلچر، شجر کاری ، لینڈ سکیپنگ اور پارکوں کی بحالی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ریلوے ایریاز میں بھی پارکس ڈویلپ کرے گی جبکہ اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ریلوے حکام کی ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تجاوزات سے نہ صرف شہروں کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے بلکہ ٹریفک کے مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں لہٰذا متعلقہ حکام باہمی مشاورت کے ساتھ تجاوزات کے مستقل خاتمے کے لئے جامع پلان مرتب کریں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہاؤسنگ سکیموں میں سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے قوانین کی پابندی کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دھرمپورہ سے واہگہ بارڈر تک ہارٹیکلچر کے فروغ اور پکنک پوائنٹس بنانے کے حوالے سے دوہفتے کے اندر جامع پلان پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہارٹیکلچر کو فروغ دے کر شہروں کی خوبصورتی میں اضافہ اور آلودگی کے مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ فلائی اوورز اور انڈر پاسز کی دیواروں اور اردگرد کے علاقوں کو ہارٹیکلچر کے ذریعے دلکش بنانے کا کام تیزی سے کیا جائے۔ سڑکوں کے ساتھ عمارتوں کی دیواروں کو بھی بیلوں اور ہارٹیکلچر کے ذریعے دیدہ زیب بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میٹروبس کے روٹ، سٹیشنوں اور پلوں کو ہارٹیکلچر کے ذریعے خوبصورت بنانے کا عمل تیز کیا جائے اور پارکوں کی بحالی ، شجر کاری اور ہارٹیکلچر کے فروغ کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے دھرمپورہ تا ٹھوکرنیاز بیگ تک انڈرپاسز ، نہر پر لگائے گئے جنگلے کی تزئین و آرائش و بحالی کے کام پر ڈی سی او لاہور کو شاباش دی۔کمشنر لاہور ڈویژن،ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے اور ڈی سی او نے ہارٹیکلچر ، شجر کاری اور پارکوں کی بحالی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ خواجہ احمد حسان، وائس چیئرمین پی ایچ اے افتخار احمد ، انسپکٹر جنرل پولیس،سیکرٹری ہاؤسنگ، ایم ڈی نیسپاک،ایم ڈی واسااور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں سندھ کے سینئر سیاسی رہنما ممتاز بھٹو نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ممتاز بھٹو نے بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو مبارکباددی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت سندھ سمیت تمام صوبوں کی یکساں ترقی و خوشحالی چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے بلدیاتی الیکشن میں وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنا ہی ہمارے تاریخی مینڈیٹ کا تقاضا ہے۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آگے لے جانے کیلئے ’’میں‘‘ کی روش چھوڑ کر ’’ہم‘‘ کا راستہ اپنانا ہے۔پاکستان ہم سب کا ہے، مل کر اسے مسائل سے نکالنا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -