بلاول بھٹونے بلدیاتی الیکشن میں پنجاب کے نتائج کی رپورٹ طلب کر لی
لاہور( شہزاد ملک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چےئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں موجود پیپلز پارٹی کے پارٹی کے مرکزی و صوبائی اور لاہور کے رہنماؤں سے پارٹی کی بلدیاتی الیکشن میں کارکردگی کی رپورٹ طلب کر لی ہے،راہنماؤں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے قومی و صوبائی حلقوں میں یونین کونسلوں کی تفصیلی رپورٹ فراہم کریں ۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع نے ’’ پاکستان‘‘ کو بتایاہے کہ بلدیاتی الیکشن کے تینوں مراحل مکمل ہونے کے بعد چےئرمین بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے لاہور میں رہائش پذیر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں جن میں مرکزی ‘ صوبائی اور لاہور تنظیم کے کچھ عہدیدار شامل ہیں کہ ساتھ رابطہ کیا گیا اور انہیں چےئرمین کی طرف سے پیغام دیا گیا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں کی بلدیاتی الیکشن میں کارکردگی کے بارے میں تحریری رپورٹ بناکر چےئرمین کو ارسال کریں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیرمین بلاول بھٹو زرداری اس کارکردگی رپورٹ کی روشنی میں اہم فیصلے کریں گے ۔