جنرل ہسپتال میں علی ہجویری ڈرگ بینک کی دوسری شاخ کا افتتاح

جنرل ہسپتال میں علی ہجویری ڈرگ بینک کی دوسری شاخ کا افتتاح

  

لاہور( جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی خواجہ احمد حسان نے علی ہجویری فری ڈرگ بنک کی دوسری شاخ کا افتتاح لاہور جنرل ہسپتال میں کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، علی ہجویری ڈرگ بنک کے بانی ڈاکٹر ظہیر الاسلام میر، میڈیکل سپریٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر کیپٹن (ر) نیاز احمد و دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب میں خواجہ احمد حسان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں میں تعلیم اور صحت کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں طب کے جدید طریقہ تعلیم کو خصوصی طور پراہمیت دی جا رہی ہے۔جبکہ تحقیق کے شعبہ کے لئے جتنے فنڈز موجودہ دور میں مختص کئے گئے ہیں، ان کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پی جی ایم آئی کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے قرار دیا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شرفیف کے ویژن کی روشنی میں صوبائی حکومت ہر سطح پر عوام کو ممکنہ طور پر علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کر رہی ہے تاہم اس ضمن میں معاشرے کے مخیر حضرات کو بھی آ گے آنا چاہئے۔ علی ہجویری ڈرگ بنک کی شاخ کا لاہور جنرل ہسپتال میں قیام درحقیقت غریب اور نادار مریضوں کے لئے ایک تازہ ہوا کے جھونکے سے کم نہیں ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -