سانحہ آرمی پبلک سکول دہرانے کی خبریں تشویشناک ہیں،میاں مقصود احمد

سانحہ آرمی پبلک سکول دہرانے کی خبریں تشویشناک ہیں،میاں مقصود احمد

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے پاکستان کے حساس اداروں کی رپورٹ کے مطابق’’سانحہ آرمی پبلک سکول دہرانے کے منصوبے‘‘پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنی تشویش کا اظہارکیا ہے۔انہوں نے کہاکہ فورسز کی وردیوں میں ملبوس دہشتگرد ملک کے اہم سرکاری،نجی اور فورسز کے زیر انتظام تعلیمی اداروں میں گھس کر حملہ کرنے کی اطلاعات اس بات کی متقاضی ہیں کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے دوسرے ادارے ایسے منصوبوں کے تدارک کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کاروائی کرتے ہوئے دشمنوں کی تمام سازشوں کوناکام بنائیں۔حکومتی اداروں کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ ایسی کاروائیوں کے پیچھے ملک دشمن قوتیں سرگرم ہیں جن میں انڈیا کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘،اسرائیل کی موساد اورامریکہ کی سی آئی اے سرفہرست ہیں۔انہوں نے کہاکہ نائن الیون کے بعد سے آج تک اتنا نقصان اور کسی ملک کانہیں ہوا جتنا پاکستان کاہوا ہے۔پچاس ہزار قیمتی جانوں کاضیاع اور100ارب ڈالر سے زائد ملکی معیشت کودھچکا لگ چکا ہے

مگر آج بھی دنیا میں پاکستانی پاسپورٹ کوشک کی نگاہ سے دیکھاجا تا ہے۔غیر ملکی سروے پاکستان کوغیر محفوظ قراردے کر دنیا میں ہمیں بدنام کررہے ہیں جب کہ اس حوالے سے حکومت کاکردار اور خاموشی افسوس ناک ہے۔میاں مقصود احمد نے کہاکہ سانحہ آرمی پبلک سکول نائن الیون اورفرانس حملوں سے بڑاسانحہ تھا جس کے زخم آج تک تازہ ہیں اس قسم کی وارداتوں کے پیچھے موجود اصل اہداف تک رسائی حاصل کرکے ان کاقلع قمع ناگزیر ہوچکا ہے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -