حکومت پرائمری ہیلتھ کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،سلمان رفیق

حکومت پرائمری ہیلتھ کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،سلمان رفیق

  

لاہور( جنرل رپورٹر)مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ پروگرام پر عملدرآمد سے ڈسٹرکٹ وتحصیل ہسپتالوں اور بنیادی ودیہی مراکز صحت کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی کارکردگی کو قریب سے مانیٹر کیا جارہا ہے اور گیپس(Gaps) کو پورا کرنے کے لئے مزید محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں تمام اضلاع کے ای ڈی اوز ہیلتھ کی ماہانہ کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

۔

سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک،سپیشل سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ ڈاکٹر ساجد چوہان، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر امجد شہزاد،تمام اضلاع کے ای ڈی اوز اور ہیلتھ منیجرز کے علاوہ تمام اضلاع کے ڈی سی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیا،چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ کی ٹیم کے ارکان نے ڈسٹرکٹ اینڈ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اور بنیادی ودیہی مراکز صحت پر ڈاکٹروں کی حاضری،ادویات کی دستیابی،صفائی اور روٹین ایمونائزیشن کوریج کے بارے میں کارکردگی رپورٹ پیش کی۔سی ایم ہیلتھ روڈ میپ ٹیم لیڈ ر اعزاز اختر نے ضلع کی سطح پر صورتحال بارے آگاہ کیا۔چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل نے ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ڈی سی اوز کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اینڈ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں میڈیکل آفیسرز کی خالی آسامیوں پر واک ان(Walkin) انٹرویوز کے ذریعے ڈاکٹرز کی تقرریاں کی جائیں اور انٹرویو کے وقت ہی تقررنامے منتخب ڈاکٹرز کو دئیے جائیں۔۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -