گھریلو سیکٹر میں گیس کا پریشر ڈاؤن ہو نے پرصارفین سراپا احتجاج

گھریلو سیکٹر میں گیس کا پریشر ڈاؤن ہو نے پرصارفین سراپا احتجاج

  

لاہور( اپنے نامہ نگار سے) موسم سرما کی شدت شروع ہوتے ہی گھریلو سیکٹر میں گیس کا پریشر ڈاؤن ہونا شروع ہو گیا ہے جس پر صارفین سراپا احتجاج بن گئے ۔ لاہور شہر کے دیگر علاقوں کے ساتھ کنٹونمنٹ بورڈ کے مختلف علاقوں خان کالونی، حسنین آباد، برج کالونی، نادر آباد میں گیس کا پریشر 6 گھنٹے تک ڈاؤن رہا جس پر صارفین سڑکوں پر نکل آئے جبکہ لاہور کے گنجان علاقوں سمیت اکثر علاقوں میں کھانے تیار کرنے کے اوقات میں گیس کا پریشر ڈاؤن رہنے پر بھی صارفین سراپا احتجاج بنے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سی این جی سیکٹر کو گیس کی بحالی کے ساتھ ہی گھریلو سیکٹر میں گیس کا پریشر ڈاؤن ہونا شروع ہو گیا ہے،کھانے تیار کرنے کے اوقات میں گیس کا پریشر چار سے چھ گھنٹے ڈاؤن رہنا معمول بن گیا ہے جس کے باعث صارفین سراپا احتجاج اور گیس نہ ملنے پریل پی جی کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں ۔ اسی طرح لاہور شہر کے دیگر علاقے مغل پورہ، غازی آباد، رشید پورہ، کوٹلی پیر عبدالرحمن، فیصل پارک اور گجر پورہ سمیت سمن آباد اور ساندہ میں گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونا شروع ہو گئے ہیں اور شہری مجبوراً تندوروں اور ہوٹلوں سے کھانے منگوانے لگے ہیں ۔ دوسری جانب گیس کی ڈیمانڈ بڑھنے پر گیس کا شارٹ فال بھی بڑھ گیا ہے جس کے حوالے سے گیس کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گیزر اور گیس ہیٹر کا استعمال زیادہ ہونے پر گیس کی قلت پیدا ہو گئی ہے، اس لئے گیزر اور گیس ہیٹرز کا کم سے کم استعمال کرنا چاہیے۔

مزید :

صفحہ آخر -