خلقہ پی کے 10 میں ترقیاتی سکیموں پرکام شروع ہے ،شاہ فرمان

خلقہ پی کے 10 میں ترقیاتی سکیموں پرکام شروع ہے ،شاہ فرمان

  

پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ وہ حلقہ پی کے۔10کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں، حلقہ کی پسماندگی دور کرنے کیلئے انہوں نے کئی ایک منصوبوں پر کام شروع کر دیا ہے جن کے مثبت اثرات یہاں کے عوام جلد محسوس کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز اپنے حلقہ نیابت کے علاقوں درواز گئی ، سپینہ تھانہ پشم کلے ، متنی اورسرہ خاورہ میں مختلف شمولیتی تقریبات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعتِ اسلامی سے تعلق رکھنے والے ویلج کونسل سرہ خاورہ کے ناظم محمد ولی اپنے دوستوں اور احباب سمیت پاکستان تحریکِ انصاف میں شامل ہوگئے ۔ اُنھوں نے پارٹی چےئر مین عمران خان اور خیبر پختونخوا کے وزیر آبنوشی شاہ فرمان کی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ۔ ناظم محمد ولی ، پی ٹی آئی کے رہنماؤں ٹاؤن فور ممبر ڈاکٹر جمال ناصر ، ٹاؤن ممبرانجینئر قادر نواز، سینئر نائب صدر شفقت اسلام اور حاجی محمد اقبال نے بھی خطاب کیا۔ ناظم محمد ولی نے ویلج کونسل سرہ خاورہ کے مسائل کے بارے میں سپاسنامہ پیش کیا۔ شاہ فرمان نے کہا کہ انھیں حلقہ پی کے۔10 کے مسائل کا بخوبی ادراک ہے اور وہ خود اس کے حقوق کا خیال رکھیں گے اور اس کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی نہیں ہونے دیں گے ۔ انھوں نے کہاکہ حلقہ پی ۔کے 10 کے لوگوں کو پینے کے پانی اور زرعی زمینوں کو سیراب کرنے کے لیے مختلف سکیموں پر کام جاری ہے ۔انھوں نے کہا کہ کوہ دامان کی بنجر زمینوں میں زیتون کے پودے لگائے جائیں گے اور ابتدائی مرحلے میں ہر یونین کونسل میں ایک ایک ہزار زیتون کے پودے لگائے جائیں گے جس کی کامیابی کے بعد ہر یونین کونسل میں ایک ایک لاکھ زیتون کے پودے لگائے جائیں گے اس طرح ہمارے زمیندار خوشحال ہوں گے۔ شاہ فرمان نے کہا کہ سرہ خاورہ میں ہسپتال سے پائندہ خان روڈ کی تعمیر ترجیحی بُنیادوں پر کی جائے گی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -