سمال ڈیم شیدو منصوبہ سے8 ہزار کنال اراضی آباد ہو گی

سمال ڈیم شیدو منصوبہ سے8 ہزار کنال اراضی آباد ہو گی

  

 پشاور( پاکستان نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت صوبے میں انصاف پر مبنی ایسا موثر اور فعال نظام لانے پر گامزن ہے جس کے ذریعے عام آدمی سے سرکاری دفاتر میں رشوت لینے کا تصور ختم ہو، پولیس اور پٹواری نظام عوام کا تابع ہو، تعمیراتی کاموں کے ٹھیکوں میں کمیشن لینے کا قلع قمع ہو اور تعلیمی اداروں و ہسپتالوں میں بھی ٹھیک طرح سے کام ہو رہا ہو جس کے نتیجے میں عام آدمی کو اپنے حقوق کے حصول کیلئے سیاسی لیڈروں کے پیچھے دوڑنا نہیں پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نوشہرہ میں حلقہ نیابت کے علاقے ولئی کے مختلف مقامات شریف آباد، حجرہ میاں جعفر شاہ ولئی اور حجرہ وزیر زادہ ولئی میں الگ الگ عوامی جلسوں سے اپنے خطاب میں کیا اس موقع پر وزیراعلیٰ کے ہمراہ ایم این ڈاکٹر عمران خٹک، ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک بھی موجود تھے۔ جلسوں میں پاکستان تحریک انصاف کے مقامی قائدین اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کے علاوہ علاقہ معززین اور عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔وزیراعلیٰ نے حجرہ وزیر زادہ میں جلسے سے خطاب کے دوران ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کہاکہ علاقے میں سمال ڈیم شیدو کا تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہو نے والا ہے اوراس بڑے منصوبے سے آس پاس کی تقریباً8 ہزار کنال اراضی آباد ہو جائے گی جو اس علاقے کی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہو گی انہوں نے کہاکہ علاقے میں درکار جگہوں کیلئے سڑکیں تعمیر کرنے کی منظوری آئندہ سالوں میں دی جائے گی جبکہ جنازہ گاہ کی تعمیر،حیوانات ہسپتال ، ڈسپنسری اور پرائمری سکول کے قیام کا بندوبست بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شیدو پر سمال ڈیم کے فرنٹ ریزروائر میں نئے بنائے گئے کرکٹ سٹیڈیم کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کی غرض سے حکومت فنڈ زفراہم کرے گی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت نے ماحول کو آلودگی سے صاف کرنے اور صوبے کو سرسبز بنانے کی غرض سے ایک ارب درختوں کو لگانے کا منصوبہ شروع کیا ہے جس میں تقریباً15 کروڑ درخت اب تک لگائے جا چکے ہیں اور یہاں پر بھی عوام غیر آباد علاقوں کی نشاندہی کرے تاکہ ان پر جنگل لگائے جائیں جس کو آباد کرنے کے بعد میں عوام کے حوالے کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوشہرہ میں ملک کی سب سے بڑی ٹیکنکل یونیورسٹی قائم کی گئی ہے جس کے ڈگری لینے والے طلباء کو روزگار کے وافر مواقع میسر ہوں گے اور وہ روزگار ڈھونڈنے کیلئے کسی کے پیچھے نہیں دوڑیں گے انہوں نے کہاکہ نوشہرہ کے نئے ہسپتال کا آئندہ ماہ افتتاح ہو جائے گا اوراس میں ایل آر ایچ جیسی سہولیات فراہم ہوں گی جبکہ ضلع نوشہرہ میں نو نئے کالجز کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ولئی شریف آباد میں جلسے سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ کہا کہ آئندہ آنے والی ترقیاتی سکیموں میں گل ڈھیری سڑک کی تعمیر کی منظوری ہو چکی ہے جبکہ علاقے کیلئے ساڑھے پانچ کلومیٹر تک سوئی گیس فراہمی کی منظوری لی جا چکی ہے جس میں ولئی اور شریف آباد کے علاقوں کو گیس فراہمی شامل ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ولئی کی اندرونی سڑکوں کی ضلعی حکومت کے ذریعے تعمیر کی جائے گی جبکہ یہاں پرچھوٹے زمینداروں کے ٹیوب ویلوں کو سولر سسٹم فراہم کرنے کیلئے بھی ضلعی اور صوبائی حکومت کے فنڈ سے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پورے صوبے میں آبنوشی کے چار ہزار پانچ سو ٹیوب ویلوں میں چار سو کو سولرائز کیا گیا ہے باقی ماندہ کو بھی کیا جائے گا اور ولئی میں سڑکوں کو پختہ کرنے کا بندوبست بھی کیاجا رہا ہے وزیراعلیٰ نے ولئی میں حجرہ میاں جعفر شاہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علاقے میں وتڑوسڑک اور ولئی خوڑ کی سڑک جون کے بعد تعمیر کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم دو سالوں سے ہسپتالوں کی حالت زار کو درست کرنے پر کام کر رہے ہیں ڈاکٹروں کی تنخواہیں تین گنابڑھا دی ہیں۔روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور صوبے کو معاشی لحاظ بہتر بنانے کی غرض سے کارخانے لگارہے ہیں اور صنعتکاروں کو سہولیات دے رہے ہیں جس کے نتیجے میں صنعتیں لگانے کیلئے صنعتکار خیبرپختونخوا کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔ پرویز خٹک موضع مینائی کاکا صاحب میں پی ٹی آئی کے مرحوم ورکرمحب گل کے گھر گئے اور وہاں پر انکے بیٹے فرید اور دیگر اہلخانہ سے مرحوم کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -