وزیر اعظم نواز شریف سے ترک صدر کی ملاقات ، شام اور افغانستان سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ، باہمی تعاون سے ترقی کا نیا باب کھلے گا: رجب طیب اردگان
اشک آباد (مانیٹرنگ ڈیسک, نیوزایجنسیاں) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے ملاقات کی جس دوران دو طرفہ امور اور باہمی تعلقات علاقائی صورتحال سمیت افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے بات چیت ہوئی، دونوں رہنماﺅں کے درمیان شام کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں رہنماﺅں کے درمیان اشک آباد میں ہونیوالی اس ملاقات میں ترک صدر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ترکی پاکستان کا دیرینہ دوست ہے پاک ترک تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، پاکستان کی حکومت اور اداروں کا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ہے وزیر اعظم نے پاکستان کی استعداد کار بڑھانے میں تعاون پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ہماری قوم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جو قربانیاں دی ہیں وہ رنگ لائیں گی ۔
ترک صدر نے وزیر اعظم سے گفتگو میں کہا کہ ترک عوام پاکستانی بھائیوں سے محبت کا جذبہ رکھتے ہیں،پاک ترک باہمی تعاون سے خطے میں ترقی کا نیا باب کھلے گا ۔یادرہے کہ وزیر اعظم نواز شریف ترکمانستان کے دو روزہ دورے پر ہیں جہاں اُنہوں نے مستقل غیر جانبداری کے حوالے سے ترکمانستان کی 20ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی اوراسی موقع پر وزیر اعظم اور ترک صدر کی ملاقات ہو ئی۔
بتایاگیاہے کہ آج اتوار کو ترکمانستان ،افغانستان، پاکستان اور انڈیاگیس پائپ لائن (تاپی) کا سنگ بنیادرکھنے کی افتتاحی تقریب بھی متوقع ہے ۔