وزیر اعظم ملازمتوں کو اپنے دھرتی کے بیٹوں کیلئے بچا کر رکھیں ،پاکستانی فنکار ہندوستانیوں کا روزگار چھین لیتے ہیں : شیو سینا
نئی دہلی(این این آئی)بھارتی انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی فنکار ہندوستانیوں کا روزگار چھین لیتے ہیں۔
اپنے اخبار سامانا کے ایک اداریئے میں شیو سینا نے وزیراعظم نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ وہ ملازمتوں کو اپنے دھرتی کے بیٹوں کیلئے بچا کر رکھیں۔اداریئے کے مطابق پاکستانی فنکار، تکنیکی ماہرین اور ٹی وی آرٹسٹ دوستی اور تعلقات جیسے الفاظ کی تشہیر کرتے ہوئے بھارت میں پیسہ کمانے کیلئے آتے ہیں وہ یہاں کے مقامی لوگوں کا روزگار چھین لیتے ہیں۔اداریئے میں نریندر مودی پر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح بن جانے پر زور دیتے ہوئے کہا گیاکہ کیا بھارت ٹرمپ کی طرح کی پالیسی کا نفاذ کرسکتا ہے جس میں یہ کہا جائے کہ ان پاکستانیوں کو یہاں ملازمت نہیں ملے گی اور یہ بھی واضح کردیا جائے کہ جو بھی پاکستانیوں کو کام دے گا وہ بھارت کا دشمن ہے۔
یادرہے کہ بیرون ملک بھی کئی بھارتی شہری نوکریاں کرتے ہیں اور اگر شیوسینا کی اس منطق کو مان لیا جائے تو بیرون ملک مقیم بھارتی شہری بھی بے روزگار ہوجائیں گے ۔