پاکستان تحریک انصاف کا پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان ،کل تحریک التواءاور استحقاق جمع کروائیں گے :عمران خان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کر دیاہے ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھا کہ ان کی پارٹی پارلیمنٹ میں خاص مقصد کیلئے جارہے ہیں ،کل وزیراعظم کیخلاف تحریک التواءاور تحریک استحقاق جمع کروائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولاہے ،نوازشریف نے دو جھوٹ بولے پہلا یہ کہ گلف سٹیل بیچ کر جو منافع آیا اس سے فلیٹس خریدے لیکن ہم نے عدالت میں ثابت کیا کہ وہ مل 26لاکھ درہم نقصان میں جارہی تھی ۔وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں کہا کہ ہمارے پاس تمام دستاویزات موجود ہیں جب پیش کرنے کا کہاجائے گا تو کریں گے لیکن ان کے وکیل نے عدالت میں کہا نوازشریف کی پاناما لیکس کے حوالے سے تقریر سیاسی تھی ،ہمارے پاس کوئی دستاویزات نہیں ہیں ،اس دوران میں کوئی دستاویزات نہیں بنائے جاتے تھے ۔عمران خان کا کہناتھا کہ اب پتہ چلے گا کہ پارلیمنٹ وزیراعظم سے جواب طلب کرتی ہے یا نہیں ،اب تک پارلیمنٹ فیل رہی اب دیکھتے ہیں کیاہوتاہے۔انہوں نے کہا بار بار کہا جاتاہے کہ عمران خان جمہوریت کو خطرے میں ڈال رہاہے ،اب سڑکوں پر نکلوں گا تو کوئی نہیں بولے گا فوج کو بلا رہا ہے ۔اگر کل پارلیمنٹ میں تحریک التواءپر جواب نہ ملا تو اپنے اگلا لائحہ عمل دیں گے ۔
عمران خان کا کہناتھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ جب سے نریندرمودی نے حکومت سنبھالی ہے توا ٓہستہ آہستہ اس کا پاکستان کو تنہا کرنے کا منصوبہ سامنے آیاہے جبکہ وہ پاکستان کے صوبوں کو بھی علیحدہ کرنا چاہتاہے ،بھارت میں سرتاج عزیز کو ذلیل کیا گیا ،یہ انتہائی غیر اخلاقی سلوک سرتاج عزیز کے ساتھ نہیں پاکستان کے ساتھ کیا گیاہے ۔جب حکومت کو بھارتی رویے کا معلوم تھا تو انہیں کانفرنس میں کیوں بھیجا گیا ۔