احتساب کے بغیر ملک اور جمہوریت کی گاڑی آگے نہیں بڑھ سکتی،عالمی برادری شام میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر مجرمانہ خاموشی توڑے:سینیٹر سراج الحق

احتساب کے بغیر ملک اور جمہوریت کی گاڑی آگے نہیں بڑھ سکتی،عالمی برادری شام ...
احتساب کے بغیر ملک اور جمہوریت کی گاڑی آگے نہیں بڑھ سکتی،عالمی برادری شام میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر مجرمانہ خاموشی توڑے:سینیٹر سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مردان(ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ احتساب کے بغیر ملک اور جمہوریت کی گاڑی آگے نہیں بڑھ سکتی،جس دن حقیقی احتساب ہوا ، اسمبلیوں میں بیٹھنے والوں کی اکثریت کو جیل میں چکی پیسنا پڑے گی،پوری دنیا میں مکہ اور مدینہ کے بعدمقدس جگہ پاکستان ہے جسے کلمہ کی بنیاد پر حاصل کیاگیاہے،لیکن کرپٹ حکمران ٹولے نے اس مقدس ملک کو بدنام کررکھا ہے،باصلاحیت قوم اور وسائل سے مالامال ملک کے عوام اس ٹولے کی طبقاتی دہشت گردی کا شکار ہیں، ملک سے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ ہمارا مشن ہے، احتساب کا آغاز وزیر اعظم اور ان کے خاندان سے ہونا چاہئے تاکہ کوئی بھی احتساب کے شکنجے سے بچ نکلنے میں کامیاب نہ ہو۔

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مردان اور جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہماری خواہش تھی کہ پانامہ کیس کا فیصلہ اسی سال ہو لیکن بدقسمتی سے معاملہ اگلے سال تک چلا گیا،جو ملک کے مفاد میں نہیں ہے کیونکہ احتساب کے بغیر انتخاب اور جمہوریت بے کار ہونگے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ،وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم سے غریب غربت کی چکی میں پس رہا ہے اور امیر عیش و عشرت کے محل بنا رہا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ فاٹا کو خیبر پختون خوا میں ضم کیا جائے،پولیٹیکل ایجنٹوں کے وظیفہ خوار فاٹا کے خیبر پختونخواہ میں ادغام کے راستہ میں بڑی رکاوٹ ہیں ،وہ نہیں چاہتے کہ ایف سی آر کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگرایف سی آراتنی اچھی چیز ہے تو پھر اسے اسلام آباد میں بھی لاگو کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جب تک حقیقی احتساب نہ ہو انتخابات بے معنی ہونگے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ انتخاب سے قبل انتخابی اصلاحات کرائی جائےں تاکہ عوام کے حقیقی نمائندے سامنے آسکیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم نے جن لوگو ںسے آزادی حاصل کی تھی ان کے بگڑے ہوئے شہزادے آج ملک کے سیاہ و سفید کے مالک بنے بیٹھے ہیں،ان لٹیروں کی وجہ سے سیاست تجارت بن چکی ہے،عام آدمی کیلئے انتخاب میں حصہ لینا نا ممکن ہے۔

دوسری طرف سینیٹر سراج الحق نے شام میں بشار الاسد اور اس کی فوج کی جانب سے شام کے شہر حلب پر مسلسل بمباری اور فائرنگ کے نتیجے میں سینکڑوں بے گناہ شہریوں کی شہادت پر شدید رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ گزشتہ ایک دن کے دوران 200 سے زائد شہریوں کو بے دردی کے ساتھ موت کے گھاٹ اتار کر حلب کوایک بڑے اجتماعی قبرستان میں تبدیل کردیا گیا ہے، عالمی برادری شام میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر مجرمانہ خاموشی توڑے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی دوغلی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ شام میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بشار الاسد اور اس کا خاندان گزشتہ پچاس سال سے بے گناہ شامی عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، شامی عوام نے اس سے نجات کی بات کی تو عالمی برادری کی سرپرستی میں اس نے پورے ملک کو کھنڈرات میں تبدیل اور لاکھوں افراد کو موت کے گھاٹ ا±تار دیا ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بعض عالمی اور علاقائی قوتیں بشار کی سرپرستی کرتے ہوئے شام اور مشرق وسطیٰ میں مستقل جنگ کے شعلے بھڑکائے رکھنا چاہتی ہے، تمام مسلمان ملکوں کو ذاتی پسند و ناپسند اور ایک دوسرے کی دشمنی چھوڑ کر انصاف اور اللہ کی عدالت میں حاضری کے تصور سے اپنی پالیسیاں وضع کرنا چاہئیں، آج کی دنیا میں بشار الاسد اور جنرل سیسی جیسے ڈکٹیٹروں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

مزید :

قومی -