66سال میں 16ہزار میگا واٹ جبکہ ہم صرف 5سال میں 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنے جا رہے ہیں:احسن اقبال

66سال میں 16ہزار میگا واٹ جبکہ ہم صرف 5سال میں 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں ...
66سال میں 16ہزار میگا واٹ جبکہ ہم صرف 5سال میں 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنے جا رہے ہیں:احسن اقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ 1947ء سے 2013 ء تک 66 سالوں میں سسٹم میں صرف 16 ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی گئی ، لیکن ہم اپنے پانچ سالہ دور میں 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنے جا رہے ہیں ، گزشتہ 8 سال میں ترقی کی شرح میں ریکارڈ قائم کر چکے ہیں ، 2013 ء میں لگتا تھا کہ بجلی کے معاملے پر خدا نخواستہ پاکستان میں خانہ جنگی ہو گی ،18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کو چار سے چھ گھنٹے تک محدود کر دیا لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کرینگے ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013ء میں حکومت سنبھالی تو تین بڑے چیلنجز نے پاکستان کو بری طرح جھکڑا ہوا تھا ، لوڈ شیڈنگ کے مرض کا دورانیہ 18 سے 20گھنٹے تک کا تھا جس سے معیشت تباہ ، کارخانے بند تھے ،مزدور سڑکوں پر تھے اور لگتا تھا کہ بجلی پر پاکستان میں خدانخواستہ خانہ جنگی ہو جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت سنبھالی تو معیشت بری طرح ڈانواں ڈول تھی ،ہمارے زر مبادلہ کے ذخائر خالی ، گروتھ ریٹ ڈھائی سے تین فیصد پر پھنسی ہوئی تھی ، تیسرا عذاب دہشت گردی کا تھا ، سال میں ساڑھے چار ہزار واقعات دہشت گردی کے ہوتے تھے جبکہ 2013ء میں دنیا کا سب سے خطرناک ملک پاکستان کو قرار دیا جاتا تھا اب وہی ادارے پاکستان کو ابھرتی ہوئی معیشت قرار دے رہے ہیں ۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 8 سال میں ترقی کی شرح میں ریکارڈ قائم کر چکے ہیں ، زرمبادلہ کے ذخائر میں تین گنا اضافہ ہوا ہے ، لوڈ شیڈنگ چار سے چھ گھنٹے تک محدود ہو گئی ہے ، گزشتہ 20 سالوں میں پاکستان میں کوئی خاطر خواہ سرمایہ کاری نہیں ہوئی ۔ 1947 سے لے کر 2013 تک صرف 16 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی جبکہ 2013 سے 2018 تک کے عرصے میں ہم سسٹم میں 11 ہزار بجلی شامل کرنے جا رہے ہیں، اس وقت پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہو رہی ہے ، لوگوں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے ۔

مزید :

قومی -