تاجر برادری معیارکو اپنا کر کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے سکتی ہے‘ یاسین اختر

تاجر برادری معیارکو اپنا کر کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے سکتی ہے‘ یاسین ...

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی(پی ایس کیو سی اے) نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے چیمبر میں ایک آگاہی سیمنار کا انعقاد کیا جس کا مقصد تاجر برادی کو کاروبار کے بہتر فروغ کیلئے کوالٹی اور سٹینڈرڈز کو اپنانے کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا تا کہ وہ پائیدار کاروباری ترقی حاصل کر سکیں۔ پی ایس کیو سی اے کے ڈائریکٹر محمد یٰسین اختر نے شرکاء کو اس سلسلے میں ایک تفصیلی پریزینٹیشن دی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس کیو سی اے پاکستان میں کوالٹی اور سٹینڈرڈز کو رائج کرنے والا ایک تسلیم شدہ قومی ادارہ ہے جو کہ سائنسدانوں اور ا نجنیئرز کے ساتھ مل کر اس سلسلے میں کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ادارے کو سٹینڈرڈز قائم کرنے اور ان کو نافذ کرنے کی ذمہ داری سوپنی گئی ہے جبکہ سٹینڈرڈز ڈویلپمنٹ سینٹر، کوالٹی کنٹرول سینٹر اور ٹیکنیکل سروس سنٹر پی ایس کیو سی اے کے ذیلی ادارے ہیں

جس اسے ان کوششوں میں تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پی ایس کیوسی اے انٹرنیشنل آرگنائزیشن برائے سٹینڈرڈائزیشن(آئی ایس او) ، انٹرنیشنل الیکٹرو ٹیکنیکل کمیشن (آئی ای سی) اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف لیگل میٹرولوجی (او آئی ایم ایل) سمیت دیگر بین الاقوامی سٹینڈرڈز سے متعلقہ علاقائی اداروں کا رکن بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سٹینڈرڈز اور کوالٹی کلچر کو فروغ دینے میں ان کے ادارے کے ساتھ تعاون کرے جس سے معیشت بہتر فروغ پائے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ایس کیو سی اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد خالد صدیق نے کہا کہ معیار اور کوالٹی کے اصولوں کو اپنانے سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو بہتر طور پر فروغ ملے گا لہذا نجی شعبہ معیاری مصنوعات پیداکرنے اور فروخت کرنے کی طرف زیادہ توجہ د ے جس سے ان کو پائیدار کاروباری ترقی حاصل ہو گی اور ملک کی برآمدات کو بھی بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ پی ایس کیوسی اے 109 اشیاء کو ریگولیٹ کر رہا ہے جس میں 37کھانے پینے کی اشیاء، 64 بغیر کھانے کی اشیاء اور اور 8 انرجی افیشنسی کی چیزیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت صارفین کو میعاری مصنوعات فراہم کرنے کے لئے 22,368 سٹیڈرڈز رائج ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ پیداواری اداروں اور ریٹیلرز کو سٹینڈرڈز اپنانے کے بارے میں ضروری ٹریننگ فراہم کرنے کو تیار ہے۔اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے تاجر برادری میں کوالٹی اور سٹینڈرڈز کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے چیمبر میں سمینار منعقد کرنے پر پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ ایسے سمینار کا انعقاد باقاعدگی کے ساتھ جاری رہنا چاہیے جس سے ملک میں کوالٹی کلچر کو بہتر فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پی ایس کیو سی اے کی منظور شدہ اشیاء کی لسٹ ای میل کے ذریعے اپنے ممبران کو پہلے ہی ارسال کر چکا ہے تاکہ وہ لائسنس یافتہ مصنوعات کی دستیابی کو یقینی بناسکیں ۔انہوں نے سٹینڈرڈز کو فروغ دینے اور خطہ میں معیاری مصنوعات کی دستیابی کی کوششوں میں پس ایس کیو سی اے کو تعاون کا یقین دلایا ۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار احمد مرزانے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور تاجر برادری میں کوالٹی کلچر کو فروغ دینے کیلئے چیمبر کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔ ٹریڈ اور انڈسٹری کے نما ئندوں نے بھی سٹینڈرڈز اور کوالٹی کے بارے میں پی ایس کیو سی اے سے متعدد سوا ل کئے جبکہ پی ایس کیو سی اے کے افسران نے تفصیل سے جواب دیئے۔

مزید : کامرس