رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کاسری لنکا کا دورہ

رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کاسری لنکا کا دورہ

کراچی (این این آئی)رائس ایکسپو رٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان REAPکا ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد REAPکے سینیئر وائس چیئرمین رفیق سلیمان کی سر براہی میں گذشتہ روز سری لنکا کے دورے پر پہنچ گیا۔ اس تجارتی وفد میں پاکستان کے بڑے ، درمیانے اور چھوٹے درجے کے مختلف رائس ایکسپورٹرز شامل ہیں ۔ یہ تجارتی وفد سری لنکا میں پاکستانی چاول کی مارکیٹینگ اور بر آمدات میں اضافے کیلئے سری لنکا کی وزارت تجارت کے علاوہ دیگر حکومتی اداروں اور چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کرے گا ۔ سری لنکا کے حکومتی ادارے کو آپریٹو ہول سیل اسٹیبلشمنٹ (CWE)کے چیئرمین محمد رضوان حمیم سے ملاقات میں رفیق سلیمان نے پاکستانی چاول کی بر آمدات بڑھانے سے متعلق امور پر گفتگو کی ۔

یاد رہے کہ CWEسری لنکا کیلئے چاول کی خریداری کا ذمہ دار ہے اور سری لنکا کی مقامی ضروریات پوری کرنے کیلئے وقتاََ فوقتاََ ٹینڈر بھی جاری کرتا ہے۔ REAPکے وفد کے ہمراہ کولمبو میں تعینات پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جانباز خان کے علاوہ کمرشل سیکریٹری عدنان لودھی بھی ملاقات کے وقت موجود تھے۔ رفیق سلیمان نے پاکستان کے چاول پر عائد بھاری در آمدی ڈیوٹی کم کرنے کیلئے بھی سری لنکا کی متعلقہ وزارت کے اعلیٰ عہدیداروں سے گفت و شنید کی اور انکو بتایا کہ گذشتہ کئی بر سوں سے اچھی مقدار میں پاکستانی چاول سری لنکا کو بر آمد کیا جاتا رہا ہے گذشتہ مالی سال 2016-17میں 36ہزار میٹرک ٹن چاول سری لنکا بر آمد کیا گیا جسکی مالیت تقریباََ 16ملین ڈالر تھی ۔ مگر گذشتہ 2/3سالو ں میں چاول کی بر آمدات میں کمی کا مشاہدہ کیا گیا ہے جسکی وجہ یہ ہے کہ سری لنکا نے لمبے دانے والے چاول کو پر تعیش اشیاء میں شامل کر کے در آمدی ڈیوٹی میں اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا نان باسمتی چاول بھی لمبے دانے والا چاول ہے مگر اسکی قیمت کافی حد تک کم ہے اور یہ چاول زیادہ تر سری لنکا کے عام لوگوں میں بہت مقبول ہے لہذٰا عام لوگوں تک اسکی رسائی کیلئے ضروری ہے کہ اس پر عائد در آمدی ڈیوٹی میں کمی کی جائے ۔ آخر میں رفیق سلیمان نے CWEکے چیئرمین کو REAPکی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی ۔ اس دورے میں کولمبو میں تعینات پاکستان کا سفارتخانہ مکمل معاونت فراہم کر رہا ہے اور سری لنکا کے مختلف عہدیداروں کے علاوہ سیلون چیمبر اور نیشنل چیمبر کے ساتھ بھی ملاقات طے ہے ۔ امید ہے REAPکے تجارتی وفد کے سری لنکاکے دورے کے دور رس نتائج بر آمد ہونگے اور سری لنکا میں پاکستانی چاول کی بر آمدات میں نمایاں اضافہ ہو گا ۔

مزید : کامرس