تعلیمات مصطفی سے محبت کا درس ملتا ہے،علامہ ریاض حسین شاہ

تعلیمات مصطفی سے محبت کا درس ملتا ہے،علامہ ریاض حسین شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( لیڈی رپورٹر)جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ تعلیمات مصطفی سے محبت کا درس ملتا ہے۔ محبت رسول کا چراغ ہر سینے میں روشن کرنے کی ضرورت ہے۔ عشق رسول ہی اتحاد امت کی بنیاد بن سکتا ہے۔ مغربی قوتیں مسلم اُمّہ کے جذبہ عشق رسول سے خائف ہیں۔ کامل ایمان کے لئے محبت رسول کو دوسری تمام محبتوں پر غالب کرنا لازم ہے۔ اہل حق عشق رسول کی ناقابل تسخیر طاقت سے اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ادارہ تعلیمات اسلامیہ میں سیرت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے مفتی حبیب الرحمن، ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی، پروفیسر عمران خان اور علامہ بشیر القادری نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض سرور حسین نقشبندی نے سرانجام دیئے۔ علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ مسلمانوں کے جسموں سے روح محمد نکالنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ سامراجی، استعماری اور طاغوتی طاقتیں پیغمبر اسلام کے ماننے والوں کو بکھیرنا چاہتی ہیں۔ مسلمانوں کے اندر سے ایجنٹ تلاش کئے جا رہے ہیں۔ تاجدار ختم نبوت کی عظمتوں کا جھنڈا تاقیامت سر بلند رہے گا۔ مسلم حکمران سیرت رسول کی روشنی میں پالیسیاں بنائیں۔ اسوہ حسنہ کی پیروی ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضامن ہے۔