الخدمت رضاکار پروگرام کے تحت یوتھ گیدرنگ 16دسمبرکو ہو گی
لاہور(پ ر) الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار پروگرام کے تحت دوسری الخدمت یوتھ گیدرنگ 16 دسمبر بروز ہفتہ ایوانِ اقبال میں منعقد ہوگی۔’’Let's Serve Together‘‘ کے سلوگن کے تحت ہونے والی یوتھ گیدرنگ میں ملک بھر سے مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ وطالبات ، وائس چانسلرز،نامور موٹیویشنل اسپیکرز،میڈیا پرسنزاورشعرا کرام سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔دوسری الخدمت یوتھ گیدرنگ کی تیاریوں کے حوالے سے ایوانِ اقبال لاہور میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل احمد جمیل راشد کی زیرِ صدارت ہونے والے اس اجلاس میں لاہور کی 25 سے زائد جامعات سے الخدمت کے یوتھ ایمبیسڈرز نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد طلبہ و طالبات کو الخدمت یوتھ گیدرنگ کے حوالے سے ان کی ذمہ داریوں سے آگا ہ کرنا تھا۔ احمد جمیل راشدنے اس موقع پر کہا کہ اس یوتھ گیدرنگ کا مقصد طلبہ و طالبات کو وولنٹیر ازم کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے اور یہ بتانا ہے کہ وہ بحیثیت طالبعلم کیسے دکھی اور مجبور انسانیت کی خدمت کرسکتے ہیں۔پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ الخدمت یوتھ گیدرنگ مختلف سیشنز پر مشتمل ہوگی جس میں نامور موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ، معروف شاعر انور مسعود، ملک بھر سے مختلف جامعات کے وائس چانسلرزاور پرنسپلز وولنٹیر بحیثیت لیڈر کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے ۔ اس کے علاوہ ملک بھر سے ایسی شخصیات جنھوں نے خدمت کے شعبہ میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں ان کو بھی خصوصی طور پر پروگرام میں مدعو کیا گیا ہے۔