مسلم لیگ(ن) کی حکومت عملی طور پر ختم ہو چکی ہے،نصیر احمد

مسلم لیگ(ن) کی حکومت عملی طور پر ختم ہو چکی ہے،نصیر احمد

لاہور( نمائندہ خصوصی )پاکستان پیپلز پارٹی انسانی حقوق ونگ لاہور کے رہنماؤں کا اجلاس رائے ونڈ میں عبدالکریم میو کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لاہور کے رہنماء نصیر احمد، عبدالکریم میو، اختر سیال، اللہ رکھا بھٹی، غلام حسین کھوکھر اور دیگر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عملاً ختم ہوچکی ہے وزیر، مشیر اور دیگر حکومتی عہدیداران لوٹ مار میں مصروف ہیں۔ بیوروکریسی اپنی مرضی کے فیصلے کر رہی ہے وزیر خزانہ کی عدم موجودگی اور نیب میں اشتہاری ہونے کے باعث پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔

وزرات خزانہ کے حکام کی لاپرواہی کے باعث ملک میں سرمایہ کاری کی بجائے سٹہ بازی فروغ پا رہی ہے۔ ڈالر کی قیمت کو پر لگ چکے ہیں اور ڈالر کا ریٹ ہر پانچ منٹ بعد تبدیل ہو رہا ہے۔ جس سے سرمایہ کاروں کو ہرلمحہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ ڈالر کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے اور مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوچکا ہے۔ پاکستان کی معیشت وینٹی لیٹر پر پہنچ چکی ہے اور پاکستان کی برآمدات اور درآمدات کا توازن بگڑ چکا ہے پاکستان کی ریزور تاریخ کی نچلی سطح تک پہنچ چکے ہیں۔ ان حالات کے باوجود مسلم لیگ ن کے درباری دن رات سب اچھا کی رٹ لگا رہے ہیں اور سیاسی مخالفین کے خلاف بیان بازی اور حکمت بازی کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا جا رہا ہے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کی گرتی ہوئی معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے کسی ایماندار شخص کو ایم این اے منتخب کیا جائے کرپٹ اور اشتہاری وزیر خزانہ کو برطرف کیا جائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4