گیل کا ٹی ٹونٹی کی ایک اننگز میں 18 چھکوں کا عالمی ریکارڈ
ڈھاکہ (نیٹ نیوز)رنگپور رائیڈرز کے جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل نے 20 ویں ٹی ٹونٹی سنچری بنا کر نئی تاریخ رقم کر دی، ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 11 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بھی بن گئے، اننگز میں 18 چھکے لگا کر نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا جبکہ بی پی ایل میں انفرادی طور پر بڑی اننگز کھیلنے کا اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ دیا، گیل نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں ڈھاکہ ڈائنامائٹس کے خلاف فائنل میں شاندار سنچری داغ کر یہ سنگ میل عبور کیا۔ منگل کو ڈھاکہ ڈائنامائٹس کے خلاف کھیلے گئے فائنل میں گیل ایک مرتبہ پھر جارحانہ انداز میں دکھائی دیئے، انہوں نے حریف باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور ان کی خوب دھنائی کرتے ہوئے سنچری سکور کی، گیل نے 69 گیندوں پر 18 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 146 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر کئی نئے ریکارڈز قائم کر دیئے، یہ ان کی بی پی ایل میں پانچویں سنچری ہے، انہوں نے رواں لیگ میں دو سنچریاں سکور کیں، اس کے ساتھ ہی گیل نے 20 ویں ٹی ٹونٹی سنچری بنا کر تاریخ رقم کر دی، اسکے علاوہ انہوں نے 11 ہزار رنز مکمل کر کے دنیا کے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی پا لیا، اس کے علاوہ انہوں نے اننگز میں 18 چھکے لگا کر نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا، اس سے قبل اننگز میں زیادہ چھکوں کا عالمی ریکارڈ بھی انہی کے پاس تھا۔
، انہوں نے 2013ء میں آئی پی ایل میں واریرز کے خلاف میچ میں 17 چھکے لگا کر تاریخ رقم کی تھی، گیل نے بی پی ایل میں انفرادی طور پر بڑی اننگز کھیلنے کا اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ دیا، انہوں نے رواں لیگ میں کھلنا ٹائٹنز کے خلاف ایلیمنیٹر میچ میں 126 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی تاہم اب انہوں نے 146 رنز کی اننگز کھیل کر نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا، یہ ان کی دوسری بہترین ٹی ٹونٹی اننگز ہے، ٹی ٹونٹی اننگز میں 175 ان کا بہترین سکور ہے۔