گیل کی طوفانی سنچری، رنگپور رائیڈرز بنگلادیش پریمیئر لیگ کی چیمپئین

گیل کی طوفانی سنچری، رنگپور رائیڈرز بنگلادیش پریمیئر لیگ کی چیمپئین

 ڈھاکہ (نیٹ نیوز )کرس گیل کی طوفانی اننگز کی بدولت بنگلہ دیش پریمئر لیگ کے فائنل میں رنگپور رائڈرز ڈھاکہ ڈائنامائٹس کو 57رنز سے ہراکرچیمپئین بن گئی۔گیل بہترین کھلاڑی قرارپائے۔ تفصیلات کے مطابق ڈھاکہ ڈائنامائٹس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو مہنگا پڑا کیونکہ رنگپور رائڈرز کے کرس گیل نے ہی مخالف ٹیم کو ایسا ’پیٹا ‘ کہ بھرکس ہی نکال کر رکھ دیا ،کرس گیل اکیلے ہی 146رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے اور ٹیم کی پوزیشن کو انتہائی مضبوط بنایا جبکہ اوپننگ پر آنے والے چارلز صرف تین سکور بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے ان کے علاوہ میکلم 51رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 201رنز کانیاریکارڈبنا ۔گیل نے 69گیندوں پر 18چھکوں اور 5چوکوں کی مدد سے 146رنز کی طوفانی اننگزکھیلی اورآؤٹ نہیں ہوئے ۔رنگپور رائڈرز نے مقرررہ 20اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 206رنز بنائے۔ڈھاکہ کے شکیب الحسن نے واحد وکٹ حاصل کی۔جواب میں 207رنزکے ہدف کاتعاقب کرتے ڈھاکہ ڈائنامائٹس کی ٹیم9وکٹوں پر 149رنزبناسکی۔جہورالسلام 50رنزبناکرٹاپ سکورر رہے ۔کپتان شکیب نے26،نارائن نے 14جبکہ شاہد آفریدی8 رنزبناکرآؤٹ ہوگئے۔رنگپورکی جانب سے سہاگ غازی،اڈانااورناظم الحسن نے2،2وکٹیں حاصل کیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی