نیوزی لینڈ کا ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سکواڈ کا اعلان
ویلنگٹن(نیٹ نیوز)نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول ہوم ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان کر دیا، کپتان کین ولیمسن اور مایہ ناز بلے باز روز ٹیلر پہلا ون ڈے کھیلنے کے بعد دوسرے اور تیسرے میچ میں آرام کریں گے، ولیمسن کی عدم موجودگی میں ٹام لیتھم دوسرے اور تیسرے ون ڈے میں ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے، جارح مزاج اوپننگ بیٹسمین مارٹن گپٹل انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں ان کی جگہ جارج وورکر اوپننگ کریں گے۔ولیمسن کالی آندھی کے خلاف شیڈول ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ بھی نہیں کھیلیں گے۔ اعلان کردہ سکواڈ کپتان کین ولیمسن، ٹم ساؤتھی، ٹوڈ ایسٹل، ٹرینٹ بولٹ، کولن ڈی گرینڈ ہوم، لاکی فرگوسن، میٹ ہنری، ٹام لیتھم، ایڈم ملن، کولن منرو، ہنری نیکولز، روز ٹیلر اور جارج وورکر پر مشتمل ہے، نیل بروم اور مچل سینٹنر دوسرا اور تیسرا ون ڈے کھیلیں گے۔
نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 20 دسمبر سے ہو گا، اس سے قبل کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز 2-0 سے میزبان کیویز کے نام رہی تھی۔