فی الحال ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں،ایلسٹرکک

فی الحال ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں،ایلسٹرکک
 فی الحال ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں،ایلسٹرکک

پرتھ (نیٹ نیوز) سٹار انگلش اوپننگ بیٹسمین ایلسٹرکک نے کہا ہے کہ مستقبل کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، اس وقت تمام تر توجہ کیریئر کا 150 واں میچ کھیل کر پہلا انگلش کرکٹر بننے پر مرکوز ہے۔ سابق انگلش کپتان جو کہ کرسمس ڈے پر 33 برس کے ہو جائیں گے، (کل) جمعرات کو آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں شرکت کے ساتھ ہی یہ سنگ میل عبور کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ہر ٹیم میں سینئر کھلاڑی اپنے مستقبل کے بارے تبادلہ خیال کرتے ہیں تاہم میں نے ابھی تک اپنے مستقبل کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ کک کی آسٹریلیا کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں کارکردگی مایوس کن رہی جس کے بعد سابق انگلش بلے باز کیون پیٹرسن نے کہا کہ کک کی کھیلنے میں دلچسپی نہیں رہی جبکہ سابق کینگروز فاسٹ باؤلر مچل جونسن نے کہا کہ یہ کک کا آخری دورہ ہو گا۔

دونوں کرکٹرز کے بیان پر ردعمل میں کک نے کہا کہ انہوں نے صرف دو میچز میں ناکامی کے بعد میرے بارے بڑی آسانی سے کمنٹس دیئے، میں نے 2014ء سے جونسن کو نہیں دیکھا اسلئے ان کا بیان میرے لئے معنی نہیں رکھتا، تسلسل کے ساتھ عمدہ کارکردگی کی وجہ سے میں طویل عرصے سے مسلسل ٹیسٹ کھیل رہا ہوں، سلیکٹرز نے مجھے ڈراپ نہیں کیا میرے لئے یہی بات اہمیت کی حامل ہے اور اس وقت میری تمام تر توجہ 150 ویں ٹیسٹ پر مرکوز ہے، کوشش ہو گی کہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کو فتح دلا کر اسے یادگار بناؤں۔ کک کو انگلینڈ کی طرف سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے اب تک 149 میچز میں 11691 رنز بنا رکھے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...