ٹی 10 لیگ کی انتظامیہ نے قیمتی انعامات کی بھرمارکردی

ٹی 10 لیگ کی انتظامیہ نے قیمتی انعامات کی بھرمارکردی

عجمان (نیٹ نیوز) کرکٹ دنیا کا مہنگا ترین کھیل بنتا جا رہا ہے ۔ شارجہ میں ہونے والی ٹی 10 لیگ کی انتظامیہ نے اس معاملے میں تمام حدیں پار کر دی ہیں اور کھلاڑیوں کو کروڑوں روپے کے ایسے قیمتی انعامات سے نوازنے کا اعلان کر کے دنگ کر دیا جو ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی 20 لیگز میں بھی نہیں دئیے جاتے۔ ٹی 10 لیگ کی انتظامیہ اپنی لیگ کو کامیاب کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی پر اکسانے کیلئے کروڑوں روپے کے انعامات کا اعلان کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹی 10 لیگ 10 اوورز پر مشتمل ہو گی اور یہی وجہ ہے کہ اس میں سنچری بنانا ایک مشکل کام ہو گا مگر جو بھی بلے باز یہ کارنامہ سرانجام دے گا اسے دبئی میں 5 سے 6 لاکھ درہم (تقریباً ایک کروڑ 50 لاکھ پاکستانی روپے) مالیت کا سٹوڈیو اپارٹمنٹ دیا جائے گا۔ اس لیگ میں نصف سنچری بنانا قدرے آسان نہیں ہو گا تاہم ان بلے بازوں کیلئے بھی بیش قیمتی انعامات کا اعلان کیا گیا ہے اور رپورٹ کے مطابق نصف سنچری بنانے والے کھلاڑیوں کو رولیکس کی گھڑی دی جائے گی جس کی مالیت 15 سے 20 لاکھ پاکستانی روپے بنتی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...