قائداعظم ٹرافی سپرایٹ : واپڈا اور سوئی گیس کی ٹیمیں فتحیاب

قائداعظم ٹرافی سپرایٹ : واپڈا اور سوئی گیس کی ٹیمیں فتحیاب

 لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ کے دوسرے مرحلے میں واپڈا نے یو بی ایل اور ایس این جی پی ایل نے لاہور وائٹس کو ہرا دیا، واپڈا نے مسلسل دوسری اور ایس این جی پی ایل نے پہلی کامیابی حاصل کی۔ کراچی میں کھیلے گئے قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ دوسرے مرحلے کے ایک میچ میں واپڈا نے یو بی ایل کو 57 رنز سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی، واپڈا کی ٹیم تیسرے روز دوسری اننگز میں 220 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس نے یو بی ایل کو فتح کیلئے 189 رنز کا آسان ہدف دیا تھا، میچ کے آخری روز یو بی ایل کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں 131 رنز پر ڈھیر ہو گئی، مقصود اور منصور نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ تہس نہس کر دی کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز نہ کھیل سکا، محمد نواز تھری 33 رنز بنا کر نمایاں رہے، صعیب مقصود 20، احسان عادل 16، عمر اکمل اور سعد علی 14، 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مقصود اور منصور نے چار، چار وکٹیں لیں، حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں ایس این جی پی ایل نے لاہور وائٹس کو 72 رنز سے شکست دی، آخری روز لاہور وائٹس نے 35 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے کامیابی کیلئے مزید 126 رنز درکار تھے تاہم محمد عباس اور عزیزاللہ کی غیرمعمولی باؤلنگ کے سامنے کوئی بھی بلے باز خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 88 رنز پر ڈھیر ہو گئی، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، انس محمود 21 رنز بنا کر نمایاں رہے، عثمان صلاح الدین 17، فہدالحق 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عباس نے 5 اور عزیزاللہ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...