پان پتی کرپشن کیس: مزید 2اہم ملزم شیخ نسیم اور عقیل احمد گرفتار

پان پتی کرپشن کیس: مزید 2اہم ملزم شیخ نسیم اور عقیل احمد گرفتار

لاہو ر(کرائم رپورٹر)نیب لاہور نے پان پتی درآمدگی پر کسٹم ڈیوٹی کی مد میں دو ارب ساٹھ کروڑ روپے کی کرپشن کیس میں مزیددو اہم ملزموں شیخ محمد نسیم اور عقیل احمد کو گرفتار کر لیا۔ ملزم شیخ نسیم پر 2کروڑ 57لاکھ جبکہ ملزم عقیل احمد پر 9لاکھ روپے کی کسٹم ڈیوٹی چوری کا الزام ہے۔تفصیلات کے مطابق ملزمان آپس کی ملی بھگت سے میسرز رامیش انٹرنیشنل نامی کمپنی کے ذریعے پاک سری لنکا فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے تحت چار سال تک سری لنکا سے پان پتی درآمد وسپلائی کرتے رہے مزید برآں ملزمان درآمد شدہ پان پتی کار سیدوں پر کم وزن شمار کرتے ہوئے حکومتی بینک کی متعلقہ برانچ میں انتہائی کم رقوم جمع کرواتے رہے۔ بشمول مذکورہ ملزمان ،تمام ملزمان نے آپس کی ملی بھگت سے 2008-12کے دوران پان پتی درآمد کی مد میں ملکی خزانے کولگ بھگ دو ارب ساٹھ کروڑ کا نقصان پہنچایا۔ نیب لاہور پان پتی درآمدپر کسٹم ڈیوٹی کی ادائیگی کی مد میں حکومتی خزانے کو اربوں روپے کے نقصان پہنچانے پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور اب تک مجموعی طور پر لگ بھگ 15ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جا چکی ہے جن سے لوٹی گئی رقوم کی باقاعدہ واپسی ممکن بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔نیب لاہور کیجانب سے دونوں ملزمان کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کرتے ہوئے ملزم عقیل احمد کا 14دسمبر جبکہ ملزم شیخ محمدنسیم کا 19دسمبر تک کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے تاکہ تفتیش کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔

مزید : علاقائی