میلسی میں 6سالہ بچی کا اندھا قتل ٹریس‘ ملزم گرفتار

میلسی میں 6سالہ بچی کا اندھا قتل ٹریس‘ ملزم گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع میں جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، اسی سلسلے میں جاری کاروائیوں کے دوران وہاڑی پولیس نے میلسی میں 6سالہ بچی کے اندھے قتل کو ٹریس کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ ڈی پی او وہاڑی عمر سعید ملک نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 2دسمبر 2017ء کو عید میلا د النبی کا چراغاں دیکھنے جانے والی سبزی فروش کی 6سالہ بیٹی زاہرہ پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی ،جسے بعد قتل کر دیا گیاتھا۔پولیس نے تفتیش کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں اور بالآخر ملزم تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئیں۔ننھی بچی کا قاتل اس کا ہمسایہ محمد آصف ولد عبدالرزاق کمہار نکلا ۔ 12ربیع الاول کی رات درندہ صفت انسان نے بچی کو بہلا پھسلا کر زیادتی کی اور نیم بے ہوشی کے حالت میں ملزم نے اس ڈر سے کہ وہ اپنے گھر والوں کو نہ بتا دے ننھی بچی کو زیر تعمیر بلڈنگ میں دفن کر دیا۔ملزم آصف 2009ء میں بھی ایک زیادتی کے مقدمہ میں7سال سزا یاب ہوا اور2016ء میں جیل سے رہا ہوا تھا دوران تفتیش ملزم کا دیگر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا۔ڈی پی او وہاڑی عمرسعید ملک نے مزید بتایا کہ ملزم آصف نے بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کا اعتراف کرلیا ہے ۔

مزید : علاقائی