شمالی وزیرستان ، دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا سکینڈ لیفٹیننٹ اور جوان شہید

شمالی وزیرستان ، دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا سکینڈ لیفٹیننٹ اور جوان ...

وہاڑی ،میرا نشا ہ( بیورورپوٹ،آن لائن، مانیٹرنگ ڈیسک ) شمالی وزیرستان میں پہاڑوں پر چھپے دہشت گردوں نے پٹرولنگ کرتی پاک فوج کی گاڑی پر اندھا دندھ فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں21سالہ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید سمیت سپاہی بشارت شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آرکے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی گاڑی حسب معمول پٹرولنگ پر معمور تھی کے اچانک پہاڑوں پر چھپے دہشت گردوں نے فورسز کی گاڑی پر اندھا دندھ فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں وہاڑی بورے والا سے تعلق رکھنے والے21سالہ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور گلگت بلتستان کے علا قے دینور سے تعلق رکھنے والے21سالہ سپاہی بشارت شہید ہوگئے۔ جس کے بعد جائے واقعہ پر فورسز کی بھاری تعداد پہنچ گئی لیکن دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے واضح رہے کہ سیکنڈ لیفٖٹیننٹ عبدالمعید حال ہی میں پی ایم اے کاکول ملٹری اکیڈمی سے پاس آوٹ ہوکر پاک فوج میں شامل ہوئے تھے جبکہ سپاہی بشارت نے بھی 3سالہ پہلے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی تھی ،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت اور شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے ناسور کو شکست دی ہے، دشمن عناصر کے خلاف بہادر افواج کے کردار کو قوم بھلا نہیں سکتی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی کا نیٹ ورک تباہ کردیا اور یہ جنگ جیت لی اور اب اس ناسور کا جلد خاتمہ ہوگا۔سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شہدا کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مفت میں نہیں ملتی، اس کی قیمت دھرتی کے بیٹے ادا کرتے ہیں، آج ہم جو آزاد ہیں وہ اپنے بہادر بیٹوں کی وجہ سے ہیں۔ سید خورشید احمد شاہ نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں آرمی افسر عبدالمعید اور سپاہی بشارت کی شہادت پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجھے جہاں جواں سال شہادتوں پر دکھ ہے وہاں یہ فخر بھی ہے کہ ہمارے بہادر اور جانثار افسروں اور جوانوں کی شہادتیں ہمارے لئے زندگی، عزم اور بہادری کی نوید ہیں اور بزدل دہشت گردوں کیلئے موت کا پیغام ہیں بوریوالا سے تحصیل رپورٹر کے مطابق سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کی نماز جنازہ ان کے آبائی چک نمبر 160ای بی میں ادا کر نے کے بعد شہید کی میت لاہور روانہ کر دی گئی نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر وہاڑی علی اکبر بھٹی ،ڈی پی او عمر سعید ملک ،سابق ممبر قومی اسمبلی چوہدری قربان علی چوہان ،پی ٹی آئی کے ضلعی صدر چوہدری خالد محمود چوہان کے علاوہ آرمی افسران اور علاقہ بھر کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی شہید سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید ککا جسد خاکی بنوں سے بذریعہ ایئر فورس کے خصوصی طیارہ میں ملتان لایا گیا وہاڑی میں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھٹی اور ڈی پی او وہاڑی عمر سعید ملک نے شہید کی میت کو وصول کر کے پورے پروٹوکول کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں میں لایا گیا ۔شہید لیفٹیننٹ عبدالمعیدکے والد محمد سلیم آرائیں عراق میں آئل اینڈ گیس کمپنی میں بطور ٹیکنیشن ملازمت کرتے تھے جو کہ آٹھ ماہ قبل وطن واپس آ کر جوہر ٹاؤن لاہور میں اپنا ذاتی بزنس کر رہے ہیں ۔کاروبار کے سلسلہ میں لاہور منتقل ہوگئے تھے۔شہیدسیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کے تین بھائی اور ایک بہن ہیں۔شہید سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔شہید عبدالمعید کے والد نے لاہو ر سے ٹیلی فون پر بتایاکہ میں اللہ کی رضا پر خوش ہوں اور مجھے اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے اور شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کی تدفین لاہور میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔

حملہ

مزید : صفحہ اول