نیو یارک بس ٹرمینل پر حملہ ، بنگلادیشی ملزم پر فرد جرم عائد کردی گئی

نیو یارک بس ٹرمینل پر حملہ ، بنگلادیشی ملزم پر فرد جرم عائد کردی گئی

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ میں حکام کا کہنا ہے نیویارک میں بس ٹرمینل پر بم حملہ کرنیوالے عقائد اللہ پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے ۔27 سالہ بنگلہ دیشی تارکِ وطن عقائد اللہ پیر کو نیویارک کے مرکزی علاقے مین ہیٹن میں ایک بس ٹرمینل پر خودکش حملے کی کوشش میں شدید زخمی ہو گئے تھے۔اطلاعات کے مطابق وہ اسوقت ہسپتال میں ہیں جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ عقائد اللہ نے اپنے جسم پر دیسی سا ختہ بم لگایا ہوا تھا جس کے پھٹنے سے وہ بری طرح جل گئے تھے، حملے میں مزید تین افراد زخمی ہوئے تھے جو مین ہیٹن میں رش کے اوقات میں کیا گیا تھا۔نیو یارک کے پولیس ڈیپارٹمنٹ کی ٹوئٹ کے مطابق عقائد اللہ پر مجرمانہ طور پر ہتھیار رکھنے، دہشگردی کے عمل کی حمایت اور دہشتگردی کا خطرہ پیدا کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق عقائد اللہ نے تفتیش کاروں کو بتایا ہے وہ یورپ میں کرسمس کے موقع پر ہونیوالے حملوں سے متاثر تھا اور اس نے پورٹ اتھارٹی بس ٹرمینل پر اس تہوار کے بارے میں بہت سے پوسٹر دیکھنے کے بعد اس جگہ کو حملے کیلئے منتخب کیا۔اطلاعات کے مطابق عقائد اللہ نے اپنے بم میں پائپنگ، کیلیں، نو والٹ کی بیٹری اور کرسمس کی لائٹوں کے تار استعمال کیے۔اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق عقائد اللہ کا کہنا ہے اس نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر امریکی فضائی حملوں کا بدلہ لینے کیلئے یہ حملہ کیا۔نیو یارک کے علاقے بروکلین میں عقائد اللہ کے گھر کی تلاشی لی گئی ہے اور پولیس کے مطابق انھوں نے تنہا ہی اس حملے کی منصوبہ بندی کی۔نیو یارک پولیس کے انٹیلی جنس اور انسدادِ دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی کمشنر جان ملر نے میڈیا کو بتایا ہے پولیس اور ایف بی آئی کو عقائد اللہ کے بارے میں پہلے سے معلوم نہیں تھا۔

فرد جرم عائد

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...