سیاحوں کو بہتر سہولیات دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں : شاہد خاقان عباسی

سیاحوں کو بہتر سہولیات دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں : شاہد خاقان ...

اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سیاحت کی ترقی و فروغ کیلئے پی ٹی ڈی سی کا کردار قابل تحسین ہے ،سیاحوں کو بہتر سہولیات دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں،پی ٹی ڈی سی کے موجودہ موٹلز کو درست کیا اور نئے ایریا دریافت کیے جائیں جہاں جدید ترین سہولیات سے مزیدنئے موٹلز قائم کیے جائیں ۔وزیراعظم نے یہ بات منگل کو منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹور ازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن چودھری عبدالغفور سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ چودھری عبدالغفور نے وزیراعظم کو اُمور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی ڈی سی کے تمام موٹلز کو جدید سہولیات کے ساتھ اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور موٹلز کی آن لائن بکنگ کیلئے ویب سائیٹ تیار کر لی گئی۔انہوں نے کہا کہ جنوری2018 میں عالمی ادارہ برائے سیاحت کے زیر انتظام کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں ممبر ممالک کے وفود شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس کے انعقاد سے ملک میں سیاحت کے فروغ کیساتھ ساتھ دنیا بھر میں پاکستان کا تاثر بطور سیاح دوست ملک بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں طلبا و طالبات اور فیملیز کیلئے سٹی ٹور بس سروس اس ماہ شروع کر دی جائے گی۔ انہوں نے وزیر اعظم سے استدعا کی کہ پی ٹی ڈی سی کو وفاقی سطح پر برقرار رکھا جائے۔چوہدر ی عبدالغفور نے وزیر اعظم کو بتایا کہ جلد ہی پاکستان ٹورازم سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں ایک جامعہ بزنس پلان تیار کیا جا رہا ہے جسے جلد ہی پیش کیا جائے گا جس میں سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ ادارے کو مالی طور پر مستحکم بنانے اور پی ٹی ڈی سی اور اس کے ذیلی اداورں کو فعال اور منافع بخش بنانے کیلئے تجاویز پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور مختلف یونیو رسٹیزمیں ٹورازم اینڈ ہاسپٹیلٹی میں بی ایس ڈگری پروگرام شروع کروانے کے سلسلے میں بھی گفت و شنید جاری ہے تاکہ ملک میں سیاحت کے شعبے کو بہتر افرادی قوت فراہم کی جا سکے۔

شاہد خاقان عباسی

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...